ارسا کا سمندر میں سالانہ 122 ملین ایکڑ فٹ پانی چھوڑے جانے کا بیان غلط ہے ،ڈاکٹرسکندر میندھرو

جمعہ 10 اپریل 2015 20:18

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10 اپریل۔2015ء ) سندھ اسمبلی کو جمعہ کے روز بتایا گیا کہ انڈس ریور سسٹم اتھارٹی ( ارسا ) کا یہ بیان غلط ہے کہ سمندر میں سالانہ 122 ملین ایکڑ فٹ پانی چھوڑا جاتا ہے ۔ حکومت سندھ اس بیان کی مذمت کرتی ہے ۔ یہ بات سندھ کے وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹرسکندر میندھرو نے متحدہ قومی موومنٹ ( ایم کیو ایم ) کی خاتون رکن ہیر اسماعیل سوہو کے توجہ دلاوٴ نوٹس پر بتائی ۔

(جاری ہے)

ہیر اسماعیل سوہو نے کہا کہ سمندر میں سالانہ 122 ملین ایکڑ فٹ پانی چھوڑنے کا ارسا کا دعویٰ درست ہے ؟ ڈاکٹر سکندر میندھرو نے کہا کہ یہ دعویٰ غلط ہے ۔ ہمارے پاس گذشتہ 200 سال کا ڈیٹا ہے ۔ کبھی ڈاوٴن اسٹریم کوٹری اتنا پانی نہیں چھوڑا گیا ۔ تربیلا ڈیم بننے کے بعد تو پانی کی مقدار کم ہو گئی ہے ۔ 2000-01 میں صرف 0.745 ملین ایکڑ فٹ پانی چھوڑا گیا ، جو ایک ملین ایکڑ فٹ سے بھی کم ہے ۔

2001-02 میں 1.9 اور 2002-03 میں 2.15 ملین ایکڑ فٹ پانی ڈاوٴن اسٹریم چھوڑا گیا ۔ سمندر میں پانی نہ چھوڑنے کی وجہ سے آبی حیات اور ماحولیات کو نقصان پہنچا ہے ۔ سمندر کا پانی اوپر چڑھتا ہے ۔ سندھ کی لاکھوں ایکڑ اراضی سمندر برد ہو چکی ہے ۔ ماہرین کی رائے یہ ہے کہ سمندر میں سالانہ 8.6 ملین ایکڑ فٹ پانی چھوڑنا ضروری ہے ۔

متعلقہ عنوان :