پیپلزپارٹی ملکی بقاء ،جمہوریت کے استحکام کیلئے قربانیاں دے رہی ہے ،شرجیل انعام میمن

جمعہ 10 اپریل 2015 20:14

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10 اپریل۔2015ء) سندھ کے وزیر اطلاعات و بلدیات اور پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی وفاق کی علامت واحد سیاسی جماعت ہے، جو اس ملک کی بقاء اور سالمیت اور ملک میں جمہوریت کے استحکام کے لئے قربانیاں دے رہی ہے۔ آج ملک کی 7 مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے صوبائی اور علاقائی 28 سے زائد رہنماء اور پیپلز پارٹی میں غیر مشروط طور پر ثمولیت کررہے ہیں اور مزید کئی سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کی جانب سے رابطوں کا سلسلہ جاری ہے۔

نبیل گبول کے پارٹی میں شامل ہونے لے حوالے سے پارٹی کے متعدد رہنماؤں سے رابطے کئے ہیں البتہ ابھی تک اس حوالے سے پارٹی نے کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔ پیپلز پارٹی جلد ہی لیاری میں عظیم الشان جلسہ کرے گی، جس میں پارٹی کی اعلیٰ قیادت شریک ہوگی۔

(جاری ہے)

غیر قانونی شادی ہالز کو مسمار کرنے کے حوالے سے کسی قسم کا کوئی دباؤ قبول نہیں کیا جائے گا اور کوئی اس خوش فہمی میں نہ رہے کہ اس کا غیر قانونی شادی ہال کوئی سیاسی دباؤ یا افسر بچا لے گا۔

یہ مہم کسی ایک سیاسی جماعت یا فرد کے خلاف ہونے کا تصور سراسر غلط ہے۔ یہ مہم غیر قانونی طور پر سرکاری زمینوں، رفاہی و فلاہی زمینوں ، پارکس اور کھیلوں کے میدان پر قبضہ مافیا اور لینڈ مافیا کے خلاف ہے چاہے اس کا تعلق کسی بھی جماعت یا گروپ سے ہو۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو اپنے دفتر میں تحریک انصاف، عوامی نیشنل پارٹی، پختونخواہ ملی عوامی پارٹی، پاسبان، پیپلز پارٹی شہید بھٹو گروپ، جمعیت علماء اسلام سمیت دیگر سیاسی و مذہبی جماعتوں کے 28 سے زائد صوبائی اور علاقائی رہنماؤں کے ہمراہ منعقدہ پرہجوم پریس کانفرنس کے دوران کیا۔

اس موقع پر پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری نجمی عالم، سابق رکن سندھ اسمبلی اور پیپلز پارٹی کے رہنما امان اللہ محسود، پاسبان سندھ کے جنرل سیکرٹری اعظم خان چاچڑ، فرید انصاری، سجاد علی شاہ اور دیگر ان کے ہمراہ موجود تھے۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ میں آج ان تمام ثمولیت اختیار کرنے والوں کو پارٹی کی اعلیٰ قیادت اور پیپلز پارٹی کی جانب سے تہہ دل سے خوش آمدید کہتا ہوں ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی مختلف زبان، سوچ اور ثقافت رکھنے والی سوچ کے حامل لوگوں کا گلدستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی وہ جماعت ہے جس نے ہمشہ جمہوریت کو پھلنے پھولنے میں اپنا کردار ادا کیا ہے اور یہ واحد جماعت ہے، جس کی قیادتوں نے آئین اور جمہوریت کے استحکام کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ دیا ہے۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی وفاق کی سوچ رکھنے والی اور تمام لوگوں کو ساتھ لے کر چلنا چاہتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ بڑی تعداد میں مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے آج پیپلز پارٹی میں شامل ہورہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ تمام سیاسی کارکنان ہیں اور ان کی پیپلز پارٹی میں ثمولیت مکمل طور پر غیر مشروط ہے اور وہ صرف اور صرف ملک کی بقاء، سالمیت اور اس ملک میں جمہوریت کے استحکام کے لئے کوشاں ہیں۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی جلد ہی لیاری میں ایک عظیم الشان جلسہ عام کا انعقاد کررہی ہے اور یہ جلسہ لیاری میں ماضی میں ہونے والے تمام جلسوں سے بڑا جلسہ ہوگا اور اس میں پارٹی کی اعلیٰ قیادت بھی شریک ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے پیپلز پارٹی کی جانب سے کراچی سمیت ملک بھر میں تیاریوں کا آغاز کردیا گیا ہے اور اس بار کراچی میں بلدیاتی انتخابات میں عوام کو بڑا سرپرائز دیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نبیل گبول نے پارٹی میں ثمولیت کے لئے پارٹی کے کچھ رہنماؤں سے رابطے کئے ہیں لیکن اس حوالے سے پارٹی نے تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔

این اے 246 کے ضمنی انتخابات کے حوالے سے سوال کے جواب می شرجیل انعام میمن نے کہا کہ اس انتخابات میں پیپلز پارٹی نیوٹرل رہے گی اور عوام جس امیدوار اور پارٹی کو چاہیں ووٹ دیں انہوں نے کہا کہ انتخابات کے لئے صوبائی حکومت کی جانب سے فل پروف سیکورٹی کے انتظامات کئے جائیں گے اور امید ہے کہ اس حلقہ میں ماضی کی نسبت اس بار انتخابات صاف شفاف ہوں گے اور ماضی کی طرح ووٹ کاسٹ نہیں ہوں گے اور یہ میری ذاتی رائے ہے۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہو ں نے کہا کہ ایم کیو ایم سمیت تمام سیاسی جماعتوں کے جو کارکنان پیپلز پارٹی میں شامل ہونا چاہیں گے ان کے لئے ہمارے دروازے کھلیں ہیں۔ کراچی میں تجاوزات کے خلاف جاری ایکشن کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس کا مقصد کراچی کو اس کی اصلی شکل میں بحال کرنا ہے اور اس سلسلے میں جس قسم کی میڈیا میں قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں اس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

آج بھی میں اس میڈیا کے توسط سے تمام غیر قانونی شادی ہالز مالکان چاہے اس کا تعلق کسی بھی سیاسی جماعت یا گروپ سے ہے ان کو متنبہ کرتا ہوں کہ کوئی بھی غیر قانونی شادی ہال یہاں نہیں باقی رہے گا اور اس سلسلے میں کسی قسم کا کوئی دباؤ میں نے نہ تو قبول کیا ہے اور نہ کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ تاثر دینا کہ یہ ایکشن ایک مخصوص جماعت کے خلاف ہے وہ بھی سراسر غلط ہے ہم نے اب تک 60 سے زائد شادی ہالز مسمار کئے ہیں، جن میں پیپلز پارٹی، صدیق راٹھور سمیت دیگر کے ہیں اور اس حوالے سے مجھ پر کوئی دباؤ نہ پارٹی قیادت کا ہے اور نہ ہی کسی اور کا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ سلسلہ رکا نہیں ہے اور یہ اس وقت تک جاری رہے گا، جب تک میں تمام رفاہی و فلاہی اور سرکاری پلاٹس، پارکس اور کھیلوں کے میدان کو خالی نہیں کروالیتا۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں ان تمام لوگوں کو آفر دیتا ہوں جو ان پارکس اور کھیلوں کے میدان کو گود لینا چاہتے ہیں اور خصوصاً میں نجی چینلز اور اخبارات کے مالکان کو بھی دعوت دیتا ہوں کہ وہ ان کھیلوں کے میدان اور پارکس کو گود لیں اور اس پر اپنے نام کی تختی لگائیں لیکن ان پر کسی قسم کی تجارتی سرگرمیوں کی ان کو کوئی اجازت نہیں ہوگی۔

جوڈیشل کمیشن میں پیپلز پارٹی کے کردار کے سوال کے جواب میں شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ہمارے کچھ ارکان نے الیکشن کمیشن اور مختلف عدالتوں میں دھاندلیوں کے حوالے سے اپنی پٹیشن دائر کررکھی ہیں اور اگر وہ جوڈیشل کمیشن میں جانا چاہتے ہیں تو اس میں پارٹی کو کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔

متعلقہ عنوان :