ضلع کورنگی کی سرکاری اراضی کے چپے چپے کا تحفظ یقینی بنا یا جائیگا ۔ڈپٹی کمشنر اور ایڈمنسٹریٹر کورنگی کا عزم

جمعہ 10 اپریل 2015 16:45

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10 اپریل۔2015ء)ضلع کورنگی میں صوبائی وزیر بلدیات شرجیل انعام میمن کی ہدایت پر فلاحی و رفاحی پلاٹوں اور سرکاری اراضی پر قائم تجاوزات و غیر قانونی تعمیرات کے خلاف ضلعی انتظامیہ اور بلدیہ کورنگی کا گرینڈ آپریشن کے دوران لانڈھی ،کورنگی اور شاہ فیصل کالونی کے مختلف علاقوں میں غیر قانونی شادی ہالز ،شاہراہوں اور فٹ پاتھوں پر کھڑے ٹھیلے و پتھارے اور گلیوں میں قائم غیر قانونی تعمیرات کا خاتمہ کردیا گیا آپریشن میں بلدیہ عظمیٰ کراچی ،کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی ،ضلعی انتظامیہ کے ماتحت انسداد تجاوزات سیل پولیس انسداد تجاوزات سیل ،فائر بریگیڈ ،کے الیکٹرک ،سوئی گیس اور ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن کورنگی کی ہیوی مشنری اور افرادی قوت نے حصہ لیا ،ڈ پٹی کمشنر کورنگی آصف جان صدیقی اور ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عبدالراشد خان نے اپنے ماتحت آفسران کے ہمراہ تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کی مکمل نگرانی کرتے رہے ۔

(جاری ہے)

مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 3 غیر قانونی شادی ہال لانڈہی 36/B میرج ہال ،آشا میرج لان یوسی 11 لانڈہی اور الحمد میرج ہال یوسی 8 کورنگی کو مسمار کیا گیا اورکورنگی 5000 روڈ ،کورنگی انڈسٹریل ایریا سمیت شاہ فیصل زون کے دیگر مقامات پر قائم ناجائز تجاوزات،متعدد چھپڑہ ہوٹل اور فیکٹری کی باؤنڈ ری وال کا کاخاتمہ کردیا گیا امن و امان اورکسی بھی ناخوشگوار واقعے کو قابو رکھنے کے لئے رینجرزکے اہلکا ربھی موجود تھے۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ضلع کورنگی آصف جان صدیقی نے کہاکہ ضلعی حدود میں قائم سرکاری اراضی کے چپے چپے کی حفاظت کو یقینی بنا یا جائیگا سرکاری اراضی پر قبضہ کرنے والوں اور تجاوزات و تعمیرات کا ارتکاب کرنے والوں کو قانونی کاروائی کا سامنا کرنا پڑے گا ڈپٹی کمشنر کورنگی نے سرکاری اراضی پر ایسے تمام قابضین کو متنبہ کیا ہے کہ وہ اپنی تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کا ازخود خاتمہ کردیں اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عبدالراشد خان نے کہاکہ ضلع کورنگی کی حدود میں صفائی وستھرائی اور سرسبز مہم کے ساتھ تجاوزات اور غیرقانونی تعمیرات کے خاتمے کے حوالے سے مہم کامیابی کے ساتھ جاری عوامی تعاون کے ذریعے کورنگی کو مسائل سے پاک اور علاقائی خوبصورتی میں اضافے کو یقینی بنا یا جائیگا ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عبدالراشد خان نے ضلع کورنگی کی شاہراہوں اور فٹ پاتھوں کو تجاوزات سے پاک بنا نے کے لئے متعلقہ عملے کو ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ آخری تجاوزات کے خاتمے تک مہم کو جاری رکھا جائے ۔