یونیورسٹی ٹاؤن میں کمرشل سرگرمیوں کے خلاف آپریشن کیلئے کمیٹی قائم

جمعہ 10 اپریل 2015 16:30

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10 اپریل۔2015ء)یونیورسٹی ٹاؤن پشاور کے بزنس سروسز پرواڈر کمیونٹی کے ایک وفد نے ممبر صوبائی اسمبلی یاسین خلیل کے قیادت میں سینئر صوبائی وزیر بلدیات و دیہی ترقی خیبرپختونخوا عنایت اللہ خان سے ملاقات کی اور یونیورسٹی ٹاؤن میں کمرشل سرگرمیوں کے خلاف جاری آپریشن کے خلاف تحفظات کا اظہار کیا۔ملاقات کے موقع پر ڈی جی پی ڈی اے خوشحال خان ، ڈپٹی کمشنر پشاور ریاض محسود ، ایڈمینسٹر یٹر پشاور سید ظفر علی شاہ اور دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے وفد میں بزنس سروسز پروایڈر کمیونٹی کے صدر نواز خان ، ڈاکٹر شیر محمد ، ڈاکٹر ظریف خان اور دیگر کمرشل ایسوسی ایشن کے عہدیدار شامل تھے ۔

وفد نے سینئر صوبائی وزیر بلدیات عنایت اللہ خان کو درپیش مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ٹاؤن کے مسائل کے حل کے لیے مناسب قانون سازی کی جائے اور پالیسیاں ترتیب دی جائیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ٹاؤن میں قائم بزنس سنٹرز میں ہزاروں افراد برسر روزگار ہیں اس کو تحفظ فراہم کیا جائے ۔ سینئر صوبائی وزیر نے مسائل کے حل اور تجاویز کے لیے ایک کمیٹی قائم کی جس کے سربراہ اسپیشل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اصغر خان ہوں گے ۔

اس موقع پر سینئر صوبائی وزیر عنایت اللہ خان نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پشاور سے تجاوزات ہر صورت ختم کریں گے عوام تجاوزات کے خلاف آپریشن میں تعاون کریں ۔ انہوں نے کہاکہ یونیور سٹی ٹاؤن میں کمرشل اداروں کی وجہ سے ہزاروں گاڑیاں روزانہ آتی ہیں جس سے رہائشی علاقوں کو عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرناپڑتا ہے اورمسلسل شکایات کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ یونیورسٹی ٹاؤن سے کمرشل سرگرمیوں کے خاتمے کے لیے کورٹ کے احکامات بھی موجود ہیں جس کی کسی صورت خلاف ورز ی نہیں کر سکتے ۔ کورٹ نے کمرشل اداروں ، سکولز اور ہسپتال کو منتقل کرنے کے لیے چار ماہ کا وقت دیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ ٹاؤن سے ایرانی قونصلیٹ ، امریکن قونصلیٹ اور انٹرنیشنل مشنز کے خاتمے کے لیے دفتر خارجہ کو ڈپٹی کمشنر پشاور خط لکھیں گے اور ان کو ٹاؤن سے شفٹ کریں گے ۔

انہوں نے کہاکہ اس وقت یونیورسٹی ٹاؤن میں اپنے گنجائش سے زیادہ کمرشل سرگرمیاں شروع ہو چکی ہیں جس کے خلاف آپریشن ناگزیر ہوچکا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پشاور میں تجاوزات کے خلاف تاریخی آپریشن جاری ہیں اور بعض لوگ پوش ایریا میںآ پریشن نہ کرنے کے طعنے دے رہے ہیں ۔ جس سے پورے پشاور میں تجاوزات کے خلاف آپریشن متاثرہونے کا خدشہ پید ا ہورہا ہے ۔ ہم بلاتفریق آپریشن جاری رکھیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ یونیورسٹی ٹاؤن میں سڑکوں کی تعمیر ، سٹریٹ لائٹس اور نکاسی آب کے لیے 12 کروڑ روپے منظور کیے جاچکے ہیں جس پر جلد کام کا آغاز ہوگا۔