لال چوک جیسے واقعات کشمیریوں کی حق خود ارادیت کو دبا نہیں سکتے ، ڈائریکٹر کشمیر یوتھ فورم

جمعہ 10 اپریل 2015 16:04

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10 اپریل۔2015ء ) کشمیر یوتھ فورم کے ڈائریکٹر احمد قریشی نے کہا ہے کہ لال چوک جیسے واقعات کشمیریوں کی حق خود ارادیت کی آواز کو دبا نہیں سکتے ہیں ،بھارت کے غاصبانہ قبضے اور بھارتی فوجیوں کی درندگی کے خلاف عالمی سطح پر آواز اٹھاتے رہیں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے سانحہ لال چوک کی بائیسویں برسی کے موقع پر واقعے کی یاد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران کیا انہوں نے کہاکہ یوتھ فورم فار کشمیر نے سانحہ لال چوک کی بائیسویں برسی کے موقع پر سرینگر کے لال چوک میں قابض بھارتی فوج کی جانب سے 47 شہریوں کے قتل عام اور گھروں اور دکانوں کو آگ لگانے کی بھر پور مذمت کرتے ہیں10 اپریل 1993 کو ایک بدترین سانحہ میں بھارتی فوج نے سرینگر کے بازار لال چوک میں آگ لگا دی تھی جس کے نتیجے میں 47بے قصور کشمیری زندہ جل گئے تھے۔

(جاری ہے)

59 گھر،190 دکانیں ،2 دفاتر اور5 کمرشل بلڈنگز مکمل طور پر خاکستر ہو گئی تھیں انہوں نے کہا کہ بھارتی سیکورٹی فورسز ایک منظم طریقے سے گھروں کو تباہ ، دکانوں کو آگ لگانا ، مزاروں پر حملے ،یہاں تک کے قرآن پاک کی بے حرمتی بھی کرتی رہی ہے سانحہ لال چوک ایک اکیلا واقعہ نہیں ہے بلکہ یہ ایک سلسلے کی کڑی ہے۔ لال چوک کے قتلِ عام جیسے واقعات ظلم، تشدد اور تسلط کی اس پالیسی کا حصہ ہیں جو بھارتی حکومت کشمیر کی جدوجہد ِ آزادی کو دبانے کے لیے استعمال کرتی ہے احمد قریشی نے مذید کہا کہ بھارتی قبضے کے خلاف کشمیر کی آزادی کی جدو جہد میں جتنے بھی اہم دن آتے ہیں وہ تمام دن پاکستانیوں کو کشمیریوں کے ساتھ منانے چاہییے انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کے ان چند مما لک میں سے ایک ہے جو عالمی سطح پر کشمیر کی تحریکِ آزادی کے لیے آواز بلند کرتے رہے ہیں اورمستقبل میں بھی کشمیریوں کی اس جدو جہد کو اس کے منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔