حکومت پنجاب کے زیر اہتمام راولپنڈی ڈویژن میں ” پڑھو پنجاب, بڑھو پنجاب“کی مہم کا باقاعدہ آغاز

جمعہ 10 اپریل 2015 14:52

راولپنڈی( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10 اپریل۔2015ء) حکومت پنجاب کے زیر اہتمام راولپنڈی ڈویژن میں ” پڑھو پنجاب, بڑھو پنجاب“کی مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیاہے ۔اس حوالے سے افتتاحی تقریب راولپنڈی آرٹس کونسل کے آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی ․․چیئرمین پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن(پیف) انجنیئر قمرالاسلام راجہ کی زیر صدارت منعقدہ تقریب میں کمشنر راولپنڈی ڈویژن زاہد سعید،ڈی سی او ساجد ظفر ڈال، راولپنڈی ڈویژن کے چاروں اضلاع کے ای ڈی او زایجوکیشن, اساتذہ کرام ، ماہرین تعلیم ، غیر سرکاری تنظیموں کے نمائندگان ، طالبعلموں اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیف قمر الاسلام راجہ نے کہا کہ وزیر اعلی روڈ میپ پروگرام صوبے میں فروغ تعلیم کا سب سے بڑا , موثراور اہم ترین منصوبہ ہے جس کے توسط سے 2018 تک سو فیصد شرح خواندگی کا ٹارگٹ حاصل کر لیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے کے دوسرے مرحلے کا آغاز کر دیا گیا ہے جسے اب ڈویژن اور ضلعی سطح پر بھی باقاعدہ طور پر لانچ کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ حکومت پنجاب نے روڈ میپ پروگرام کے تحت گیارہ لاکھ اضافی بچوں کی تعلیم کا بندوبست کرنے کے ساتھ ساتھ اساتدہ کی حاضری کی مجموعی شرح کو 92 فیصد تک بڑھایا ہے جبکہ 53 ہزار سکولوں میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے ساتھ ساتھ 57 سو سکولوں میں انفارمیشن ٹیکنالوجی لیبارٹریوں کا قیام بھی عمل میں لایا جا چکا ہے۔

اسی طرح ایک کروڑ 25 لاکھ بچو ں میں نصابی کتب کی مفت تقسیم سے ان بچوں کو تعلیمی اخراجات سے نجات ملی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن 36 اضلاع میں 16 لاکھ مستحق طالبعلموں کو مفت تعلیم دے رہی ہے جبکہ 2018 تک 28 لاکھ مستحق طالبعلمو ں کی مفت تعلیم کا ٹارگٹ مقرر کیا گیا ہے۔اس حوالے سے مختلف اضلاع کے 15 سو نجی سکول پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ ماڈل کے تحت تعلیمی الحاق کے لیئے اینلسٹ کر لیئے گئے ہیں،اب ان سکولوں کے ساتھ معاہدے کر کے زیر تعلیم طالبعلموں کو مفت تعلیم کی سہولت مہیا کر دی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ پنجاب ایجوکیشنل انڈوومنٹ فنڈ کا بجٹ بھی پانچ گنا بڑھایا جا رہا ہے ۔انہو ں نے مزید کہا کہ شعبہ تعلیم میں ترقی , جدت اور ترقیاتی وسائل کی فراہمی کے ذریعے اسے عالمی معیار کے ہم پلہ لایا جا رہا ہے تاکہ پنجاب کا طالبعلم تعلیم یافتہ انسان بن کر ملک کی بہترین رہنمائی کرے۔ انہوں نے اساتذہ سے کہا کہ وہ اپنے طالبعلمو ں کی بہترین تعلیم کے ساتھ ساتھ ان کی کردار سازی بھی کریں ۔

کمشنرراولپنڈی ڈویژن زاہد سعید نے اپنے خطاب میں کہا کہ تعلیم سب سے بڑا شعبہ ہے جس کے ساتھ 3 لاکھ سے زائد اساتذہ وابستہ ہیں جبکہ سکولوں کی تعداد پچاس ہزار سے زائد ہے ۔ انہو ں نے تعلیم کو قومی ترقی کی بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی شعبہ زندگی میں تعلیم کے بغیر ترقی ممکن نہیں ․ اس حوالے سے وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف تعلیمی معیار بڑھانے پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔ انہو ں نے بتایا کہ پنجاب میں اس سال 44 لاکھ بچے سکولوں میں داخل کیے جائیں گے جبکہ راولپنڈی ڈویژن میں 2 لاکھ 80 ہزار بچوں کو سکول لایا جائے گا۔ تقریب سے ای ڈی او ایجوکیشن قاضی ظہورالحق نے بھی خطاب کیا ․اس موقع پر طالبعلموں نے ملی نغمے پیش کیے ۔

متعلقہ عنوان :