افغانستان میں پانچ پاکستانیوں کے بہیمانہ قتل پر افغان نائب سفیرکی دفتر خارجہ طلبی ‘ شدید تشویش کا اظہار

جمعہ 10 اپریل 2015 14:52

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10 اپریل۔2015ء) پاکستان نے افغانستان میں اپنے پانچ شہریوں کے بہیمانہ قتل پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے نائب افغان سفیر کو دفتر خارجہ طلب کیا ہے جمعہ کو پاکستان نے افغانستان کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن برکت اللہ رحمتی کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا اور پانچ پاکستانی شہریوں کے افغانستان میں بہیمانہ قتل پر پاکستان کی شدید تشویش سے آگاہ کیا گیا افغان نائب سفیر کو پاکستان کی جانب سے ایک احتجاجی مراسلہ بھی دیا گیا افغان حکومت سے درخواست کی گئی کہ وہ واقعہ کی تحقیقات کر اکر ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لائے دفتر خارجہ نے قتل کئے گئے تاجروں کے خاندانوں سے ہمدردی اور تعزیت کااظہار کیا -