پاکستان کے ساتھ امن و مفاہمت جموں و کشمیر میں امن کے لئے ضروری ہے ، مفتی سعید

جمعہ 10 اپریل 2015 14:22

جموں (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10 اپریل۔2015ء) مقبوضہ کشمیر کے وزیر اعلی مفتی محمد سعید نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ مفاہمت جموں و کشمیر میں امن کے لئے ضروری ہے ۔ قانون سازیہ کے بجٹ اجلاس کے آخری روز ایوان زیریں میں شکریہ کی تحریک کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ترقی اور اچھی انتظامیہ امن سے مشروط ہے انہوں نے کہا کہ 2005 میں شروع کئے گئے سرینگر مظفر آباد اور پونچھ ، راولا کوٹ بس سروس جیسے اقدامات منقسم خاندانوں تک ہی محدود رہ گئے ۔

انہوں نے کہا کہ وہ اس سے آگے جانا چاہتے ہیں اور سچیت گڑھ کو واہگہ کی طرح سیاحت کے جھروکے کے طور پر دیکھنا چاہتے ہیں ۔ تاہم وزیر اعلی نے کہا کہ جہاں تک ریاست کی خارجی جہت کا تعلق ہے ریاستی حکومت مرکز پر اپنی مرضی نہیں چلا سکتی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ” میں یہ کہنا چاہتا ہوں ریاست نے کافی مشکلات جھیلی ہیں اور اب زخموں پر مرہم رکھنے کا وقت ہے ۔

انجینئر رشید کی طرف سے اٹھائے گئے ایک نکتہ کے جواب میں کہ پی ڈی پی کو واضح کرنا چاہئے کہ سیلف رول ڈاکومنٹ کا کیا ہوا ۔ وزیر اعلی نے کہا کہ سیلف رول ایک ارتقائی عمل ہے اور اسے قدم بہ قدم نافذ کیا جائے گا ۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کے ساتھ اتحاد کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعلی نے کہا کہ پی ڈی پی کو وادی میں جبکہ بی جے پی کو جموں اور کانگریس کو لداخ میں منڈیٹ ملا تھا ۔


انہوں نے کہا کہ جس طرح ملک کے لوگوں نے نریندر مودی کو وزیر اعظم کے عہدہ کے لئے منتخب کیا اسی طرح انہیں بھی ریاست کے وزیر اعلی کے لئے مینڈیٹ ملا ہے انہوں نے کہا کہ ان کا مقصد ریاست کے خطوں کو باہم جوڑنا ہے انہوں نے کہا کہ 1947 کے بعد جموں محروم رہا اور ہم اسے اپنے ساتھ نہ چلا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ میں ریاست کے خطوں کے لوگوں کے درمیان خلیج کر پاٹنا چاہتا ہوں ۔

گریٹر کشمیر میں شائع ایک خبر کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حال ہی میں کنٹرول لائن کے آر پار ایک شادی ہوئی تھی اس طرح کی چیزیں آسان ہونی چاہئے ۔ وزیر اعلی نے تسلیم کیا کہ بلغیار ڈیم کی وجہ سے خطہ چناب کی ماحولیات کو زک پہنچا ہے انہوں نے کہا کہ میں نے یہ بات حال ہی میں وزیر اعظم کو بتائی تھی ۔ سیلاب متاثرین کی باز آباد کاری کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں حکومت ان تاجروں اور دوکانداروں کی باز آباد کاری کرنا چاہتی ہے جن کا بیمہ نہیں تھا انہوں نے اراکین قانون سازیہ کو ہر ممکن مدد کا یقین دلایا اور کہا کہ حلقہ ترقیاتی فنڈ میں اضافہ کا معاملہ وزیر خزانہ حسیب درابو کے ساتھ اٹھائیں گے ۔

متعلقہ عنوان :