معذوروں سے متعلق قوانین سازی کے سلسلے میں دو روزہ مشاورتی ورکشاپ اختتا م پذیر

معذوروں سے متعلق قوانین سازی میں ہر ممکن تعاون کاکیا جائے گا ،،سپیکر صوبائی اسمبلی اسدقیصر

جمعرات 9 اپریل 2015 21:06

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔09 اپریل۔2015ء) سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی اسدقیصر نے کہا ہے کہ معذوروں سے متعلق قوانین سازی میں ہر ممکن تعاون کاکیا جائے گا ، معذوروں سے متعلق قوانین سازی کے سلسلے میں دو روزہ مشاورتی ورکشاپ جمعرات کے روز پشاور میں اختتام پذیر ہوئی جس کا اہتمام محکمہ عالمی ادارہ صحت نے محکمہ ہائے قانون اور سماجی بہبود خیبر پختونخوا کے اشتراک سے کیا تھا۔

سپیکر صوبائی اسمبلی اسد قیصر اس ورکشاپ کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر صوبائی اسمبلی نے اس ورکشاپ کے انعقاد کو انتہائی خوش آئند قرار دیتے ہوئے معذوروں سے متعلق قوانین سازی میں اپنی طرف سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے ایسی قوانین سازی کو وقت کی ا ہم ضرورت قرار دیتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ معذوروں سے متعلق قوانین سازی کیلئے مزید کام کی ضرورت ہے تاکہ یہ قوانین جامع اور موثر ثابت ہوں۔

(جاری ہے)

سپیکر نے کہا کہ صوبائی حکومت سٹریٹ چلڈرن کے لئے ایک اکیڈمی اور ماڈل سکول قائم کرنے پر کام کررہی ہے۔وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی معاون خصوصی برائے سماجی بہبود اور ترقی نسواں ڈاکٹر مہر تاج روغانی کے علاوہ غیر سرکاری تنظیموں کے نمائندوں،متعلقہ سرکاری حکام اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں نے بھی کثیر تعدادمیں تقریب میں شرکت کی۔تقریب سے اپنے خطاب میں ڈاکٹر مہر تاج روغانی نے اس مشاورتی ورکشاپ کے ا نعقادکو معذوروں کی فلاح و بہبود کی طرف صوبائی حکومت کا ایک اہم قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسے معذوروں کے لئے موثر اور جامع قوانین سازی کیلئے ٹھوس بنیادیں فراہم کرنا ہوں گی اور نتیجتاً معذوروں کے حقوق کا تحفظ ممکن ہوسکے گا۔

انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت معذور اور خصوصی افراد کے حقوق کے مکمل تحفظ اور انہیں معاشرے میں باعزت مقام دینے کیلئے موثر اقدامات کر رہی ہے جن کے حوصلہ افزاء نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ڈاکٹر مہر تاج روغانی نے اس قانون سازی کے سلسلے میں صوبائی حکومت ،خصوصاً محکمہ سماجی بہبود کی طرف سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتے ہوئے تمام متعلقہ محکموں کے حکام کو ہدایت کی کہ وہ اس سلسلے میں اپنے اپنے حصے کاکام بروقت مکمل کریں۔

عالمی ادارہ صحت کی ٹیکنیکل ایڈوائزر ڈاکٹر مریم ملک نے ورکشاپ کے شرکاء کو ”پاکستان ڈسیبیلٹی بل“ کے مختلف پہلوؤں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ورکشاپ کے شرکاء نے اس سلسلے میں اپنی تجاویز اور آراء پیش کیں جن کی روشنی میں اس بل کے مسودے میں مزید بہتری لائی جائے گی اور اسے اقوام متحدہ کے متعلقہ کنونشنز سے ہم آہنگ بنایا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :