میرے بیٹے کوملازمت دیکر انصاف فراہم کیاجائے،حسن زادہ

ریٹائرڈ ملازمین کوٹہ کے تحت ٹسٹ اور انٹرویو میں فرسٹ پوزیشن لینے کے باوجود میرے بیٹے نظرانداز کیاہے،ریٹائرڈحسن زادہ

جمعرات 9 اپریل 2015 20:23

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔09 اپریل۔2015ء)محکمہ ایریگیشن بونیر کے ریٹائرڈ گیج ریڈر حسن زادہ نے وزیراعلیٰ خیبر پختون خوا پرویز خٹک سے ریٹائرڈ ملازمین کوٹہ کے تحت ٹسٹ اور انٹرویو میں فرسٹ پوزیشن ہولڈر بیٹے کو فی الفور بھرتی کرنے کا مطالبہ کیاہے ۔پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چالیس سال تک بحیثیت گیج ریڈر محکمہ ایریگیشن کی خدمت کر کے ساٹھ سال کی عمر میں ریٹائرڈ ہونے کے بعد اپنے تعلیم یافتہ بیٹے کو ریٹائرڈ ملازمین کے کوٹہ میں بھرتی کے لیئے درخواست دے کر بیٹے نے ٹسٹ و انٹرویو میں پہلی پوزیشن حاصل کی مگر پاکستان تحریک انصاف کی حکومت میں انصاف کے علمبردار ایریگیشن منسٹر محمود خان نے اپنے ہی ضلع سوات کے علاقہ مٹہ سے تعلق رکھنے والے میرے بیٹے کے ہم نام اکرام اللہ کو بونیر میں بھرتی کرکے ہمارے حق پر ڈاکہ ڈال کر انصاف کی انمول مثال قائم کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا انصاف کی دعویدار حکومت کی ناانصافی کے خلاف اور انصاف کی فراہمی کے لیئے گزشتہ چارماہ سے بونیر کے مرکزی بازار سواڑی میں احتجاجی کیمپ لگایا ہے لیکن تاحال کوئی شنوائی نہیں ہوئی ہے ۔انہوں نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک سے مطالبہ کیا کہ میرے بیٹے کو بھرتی کرکے انصاف کے تقاضوں کو پورا کیاجائے بصورت دیگر حق نہ ملنے کی صورت میں اہل و عیال کے ساتھ وزیر اعلٰی ہاوٴس کے سامنے خود سوزی پرمجبورہونگا۔