علم کے بغیر ترقی ممکن نہی، یونیسیف کی طرف سے تعلیمی شعبے میں کے پی کے اور فاٹا میں بچوں کا بھرپور تعاون جاری ہے، بچوں کو کھلونا بندوق اورپستول کے بجائے کتابیں اور قلم خرید کر دیئے جائیں

جمعرات 9 اپریل 2015 19:12

پارا چنار (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔09 اپریل۔2015ء) ایجنسی ایجوکیشن آفیسر جدون خان وزیر، ایس آر ایس پی کرم کے کو آرڈی نیٹر نعمت علی، ایس او ذوالفقار علی اور حاجی یوسف حسین نے کہا ہے کہ علم کے بغیر ترقی ممکن نہی، یونیسیف کی طرف سے تعلیمی شعبے میں کے پی کے اور فاٹا میں بچوں کا بھرپور تعاون جاری ہے۔جمعرات کو پارا چنار میں منعقدہ سرحد رورل سپورٹ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم سب کو چاہیے کہ بچوں کو کھلونا بندوق اورپستول کے بجائے کتابیں اور قلم خرید کر دیئے جائیں اس کے علاوہ ہمارے سکول میں اساتذہ کے رویے مثبت ہونے چاہیئیں اور اپنے علاقے سے بندوق بارود کو ختم کرنے کیلئے حقیقی معنوں میں آگے بڑھ کر کام کریں اور اپنی نئی نسل کو قلم اور کتابیں خرید کر دیں تا کہ ان کو پڑھنے سے ملک میں جہالت کے اندھیرے ختم ہو سکیں۔

(جاری ہے)

مقررین نے کہا کہ گورنمنٹ سکولوں میں اصلاحات کی اشد ضرورت ہے کیونکہ سکولوں میں بڑھتی ہوئی تعداد اور درس و تدریس کی حالت کے باعث والدین اپنے بچوں کو پرائیویٹ سکولوں میں داخل کرواتے ہیں، تعلیم آکسیجن کی طرح معاشرے میں کام کرتی ہے تو ہم سب مل کر تعلیمی شعبے کی ترقی کیلئے کام کریں۔پروگرام سے قبل واک کا اہتمام کیا گیا تھا جو شہر کے مختلف راستوں سے ہوتا ہوا شلوزان ہاؤس پہنچا اور سیکیورٹی کے انتظامات کئے گئے تھے۔

متعلقہ عنوان :