پنگریو اور گرد وونواح کے شہروں کے صحت مراکز میں تاحال پاگل کتے کے کاٹے کی ویکسین فراہم نہیں کی گئی

جمعرات 9 اپریل 2015 18:48

پنگریو ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔09 اپریل۔2015ء) پنگریو اور گرد وونواح کے شہروں کے صحت مراکز میں تاحال پاگل کتے کے کاٹے کی ویکسین فراہم نہیں کی گئی محکمہ صحت کی جانب سے سرکاری صحت مراکز میں ویکسین فراہم نہ کر نے کے باعث متاثرہ مریض ویکسین کے حصول کے لئے مارے مارے پھر رہے ہیں ویکسین نہ ملنے کے باعث ان متاثرین کی زندگیوں کو زبردست خطرات لاحق ہو گئے ہیں اس ضمن میں سماجی تنظیم وی ڈی اے کی جانب سے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر بدین کو درخواستیں بھی ارسال کی گئی ہیں جن میں علاقے کے سرکاری صحت مراکز میں پاگل کتوں کے کاٹے کی ویکسین کی عدم دستیابی کے بارے میں آگاہی فراہم کر کے فوری طور پر ویکسین کی فراہمی کا مطالبہ کیا گیا مگر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے اس درخواست پر کوئی نوٹس نہیں لیا وی ڈی اے کے صدر محمد ارشد کمبوہ ایڈووکیٹ نے اس بارے میڈیا کو بتایا کہ پنگریو اور گردو نواح کے شہروں کے سرکاری صحت مراکز میں روزانہ پاگل کتے کے کاٹے سے متاثرہ مریض ویکسین کے لئے آرہے ہیں مگر گزشتہ کئی روزسے صحت مراکز میں ویکسین دستیاب نہیں ہے انہوں نے بتایا کہ ویکسین نہ ملنے کے باعث مریضوں کی حالت بگڑتی جارہی ہے اور فوری طور پر ویکسین نہ ہونے پر ان مریضوں کو ہائیڈرو فوبیا ہونے کا خدشہ ہے جو کہ لاعلاج بیماری ہے اور اس بیماری کا شکار مریض چند دن کے اندر تڑپ تڑپ کر اپنی جان دے دیتا ہے انہوں نے کہا کہ پنگریو شہر اور گردو نواح کے قصبوں و دیہاتوں میں آوارہ، باؤلے اور خارش زدہ کتوں کی بہتات ہو گئی ہے یہ پاگل کتے روزانہ کسی نہ کسی کو کاٹ رہے ہیں ان کتوں کے خاتمے کے لئے نہ تو کوئی مہم چلائی جارہی ہے اور نہ ہی متاثرہ مریضوں کے علاج کے لئے ویکسین فراہم کی جارہی ہے جو کہ علاقہ عوام کے ساتھ سراسر نا انصافی اور ان کی جانوں سے کھیلنے کے مترادف ہے انہوں نے مزید کہا کہ ڈی ایچ او بدین ہماری تحریری درخواستوں کو درخور اعتنا نہیں سمجھ رہے اور ویکسین کی فراہمی کے لئے کوئی اقدامات نہیں کر رہے انہوں نے وزیرا علیٰ سندھ، صوبائی وزیر صحت اور سیکریٹری صحت سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ صحت مرکز پنگریو اور علاقے کے دیگر سرکاری صحت مراکز میں فوری طور پر ویکسین فراہم کر کے متاثرہ مریضوں کی زندگیاں بچائی جائیں اور علاقے میں کتا مار مہم چلائی جائے۔