سیکٹرایچ ایٹ فور میں معذور بچوں کے سکول میں تین ہفتے سے زائد گزرنے کے باوجود بجلی بحال نہ ہوسکی

طلباء، اساتذہ ،سٹاف اورکالونی کے مکینوں کا اہلخانہ سمیت شدید احتجاج ،اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کامطالبہ

جمعرات 9 اپریل 2015 18:03

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔09 اپریل۔2015ء) وفاقی دارالحکومت کے تعلیمی سیکٹرایچ ایٹ فور میں معذور بچوں کے سکول اور سپیشل ایجوکیشن کے کلاس فور ملازمین کی کالونی میں تین ہفتے سے زائد گزرنے کے باوجود بجلی بحال نہ ہوسکی،سکول کے طلباء، اساتذہ ،سٹاف اورکالونی کے مکینوں نے اہلخانہ سمیت شدید احتجاج کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کامطالبہ کیاہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت کے سیکٹرایچ فور میں واقع معذور بچوں کے سکول( سپیشل ایجوکیشن سنٹر برائے ذہنی معذوراطفال) اور اس سے ملحقہ کلاس فور ملازمین کی کالونی میں18 مارچ کو ٹرانسفارمر جل جانے کے باعث اب تک بجلی کی فراہمی معطل ہے جس سے معذور بچوں، سکول سٹاف اورملحقہ کلاس فور ملازمین کی کالونی کے مکینوں کو شدید مشکلات کاسامنا کرناپڑرہا ہے آئیسکودفترکے متعددچکرلگانے کے باوجودمسئلہ حل نہ ہونے اوربجلی بحال نہ ہونے پر سپیشل ایجوکیشن سنٹر کا سٹاف، اساتذہ اور سکول کے بچے اورملحقہ سٹاف کالونی کے رہائشی اپنے بچوں سمیت سڑک پرنکل آئے اورشدید احتجاج کیا ۔

(جاری ہے)

مظاہرین نے حکام بالا سے مطالبہ کیاکہ اتنے طویل عرصہ سے بجلی بندہونے کافوری نوٹس لیاجائے اور بجلی کی فوری فراہمی یقینی بنائی جائے بصورت دیگر وہ واپڈاآفس کاگھیراؤ کرینگے۔ ان کاکہناتھا کہ بجلی نہ ہونے کی وجہ سے کالونی کے کئی خاندان شدید مشکلات کاشکار ہیں میٹرک کے امتحانات جاری ہیں جس سے طلباء متاثررہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :