سنی اتحاد کونسل پاکستان‘ پاکستان عوامی تحریک، مجلس وحدت المسلمین، تحریک نفاذ فقہ جعفریہ، شیعہ علماء کونسل کا مشترکہ اعلامیہ

جمعرات 9 اپریل 2015 17:58

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔09 اپریل۔2015ء) سنی اتحاد کونسل پاکستان، پاکستان عوامی تحریک، مجلس وحدت المسلمین، تحریک نفاذ فقہ جعفریہ، شیعہ علماء کونسل جانب سے جاری کردہ ایک مشترکہ اعلامیہ میں کہا ہے کہ یمن سعودی لڑائی سے اسرائیل کو فائدہ ہو رہا ہے۔ پاکستان کو نئی امریکی سازش کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔ امریکہ اپنا اسلحہ بیچنے کیلئے یمن میں آگ لگا رہا ہے مشترکہ اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ قوم کی واضح اکثریت بیرون ملک فوج بھیجنے کی مخالف ہے، حرمین شریفین تمام مسلمانوں کیلئے بلاتفریق مسلک مقدس ہیں۔

یمن کی صورتحال سے حرمین شریفین کو کسی صور ت کوئی خطرہ نہیں ہے۔ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کی کی سیکیورٹی عالم اسلام کا فرض ہے۔ امت کا رہنما ہونے کے ناطے پاکستان تنازعات کو حل کروائے۔

(جاری ہے)

یمن بحران اسی آگ کا شعلہ ہے جو پہلے عراق، شام اور لیبیا میں بھڑک کر قیامت بر پا کر چکی ہے۔ سعودی عرب کو یمن نہیں اسرائیل سے خطرہ ہے۔ مسلم حکمران یمن میں جنگ بندی کروائیں۔

قوم سعودی عرب کے ساتھ پاکستانی حکومت کے خفیہ معاہدے قبول نہیں کرے گی۔ پاکستانی فوج کو سعودی مفادات کا ایندھن نہ بنایا جائے۔ قوم حکمرانوں کو پرائی جنگ کا حصہ بن کر ملک کو آگ میں جھونکنے کی اجازت نہیں دے گی۔ حکمران یمن کے مسئلہ پر فیصلہ کرتے وقت سعودی نہیں پاکستانی مفاد کو مدنظر رکھیں۔ پاکستانی فوج یمن بھیجی گئی تو تباہ کن نتائج کے ذمہ نواز شریف ہوں گے۔ یمن بحران کے حل کیلئے او آئی سی او اور اقوام متحدہ کو آگے آنا چاہیئے۔