گراس روٹ لیول پر ٹیلنٹ کی تلاش سے کھیلوں کی ترقی ممکن ہوسکتی ہے، انجینئر سید محمود

جمعرات 9 اپریل 2015 17:27

پشاور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔09 اپریل۔2015ء) تاجکستان کے اعزازی کونسل جنرل اور پی ٹی آئی سپورٹس اینڈکلچر فورم کے چیئر مین انجینئر سید محمود نے کہا ہے کہ گراس روٹ لیول پر ٹیلنٹ کی تلاش سے کھیلوں کی ترقی ممکن ہوسکتی ہے ، یہ بات انہوں نے قیوم سپورٹس کمپلیکس میں قائم جے ایس ایتھلیٹکس اکیڈمی کے سالگرہ تقریب کے موقع خطاب کرتے ہوئے کہا،اس موقع پر ڈائریکٹر سپورٹس طارق محمود، سید جعفر شاہ، رحم بی بی، سمیت دیگر اہم شخصیات موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ جے ایس اکیڈمی کو ابھی ایک سال کاعرصہ ہوا ہے کہ اس کے کھلاڑیوں نے نیشنل سینئر ،نیشنل جونیئر اور دوسرے سطح کے ایتھلیٹس مقابلوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیاہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس اکیڈمی کی بنیاد کا مقصد ہی کھلاڑیوں کو تمام تر سہولیات باہم پہنچانا تھی ، اور مجھے خوشی ہے کہ اپنی مدد آپ کے تحت چلنے والی اس اکیڈمی کے کھلاڑیوں نے نیشنل سطح پر اپنا لوہامنوایا ہے انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ اس جیسے اکیڈمی کو حکومت کی سرپرستی حاصل ہو تاکہ ایتھلیٹکس جیسے سخت گیم کو صوبے میں فروغ دیاجائے انہوں نے کہا کہ صوبے میں اچھے کھلاڑیوں کی کمی نہیں لیکن وہ بنیادی سہولیات سے محروم ہیں ، انہوں نے کہا کہ وہ کھلاڑیوں کیلئے جدید سہولیات سے آراستہ اکیڈمیز کے قیام کیلئے کوشش کررہے ہیں تاکہ دوسرے گیموں کو بھی اس اکیڈمی سے استفادہ حاصل ہوسکے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے خواتین اکیڈمی کے قیام کا بھی اعلان کیا اور انہوں نے کہا کہ وہ جے ایس اکیڈمی کے زیر سایہ خواتین کے ٹریننگ اور کوچنگ کیلئے بھی تمام تراقدامات اٹھائے جائینگے ۔اس موقع پر اکیڈمی سے منسلک ایتھلیٹ جن میں عابد علی ، سمیع الله ( سپیشل ایتھلیٹ) فارس احمد، عرفان الله، عثمان خان ، واجد علی ، عرفان آفریدی ، شازیب خان ، عدنان خان ، عاد ل خان ، محمد عالمزیب، زوہیب خان، فارس جان، سلمان خان اور محمد اورنگزیب وزیر کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ انشاء الله آنے والے دنوں میں یہ ایتھلیٹ نہ صرف خیبرپختونخوا بلکہ پاکستان کانام بھی روشن کرینگے ۔

اس موقع پر انہوں نے کھلاڑیوں کیلئے تیس ہزار روپے کیش انعام کا بھی اعلان کیا۔اس موقع پر اکیڈمی کے کوچز زاعفران خان ، فٹنس کوچ عامر اقبال، تھرو کوچ کلیم الله،ہیڈ کوچ سید جعفرشاہ، کی کارکردگی کو بھی سراہا جنہوں نے کھلاڑیوں کے ساتھ بھرپور محنت کی ۔ دریں اثناء اکیڈمی سالگرہ کے موقع پر کیک بھی کاٹا گیا ۔