Live Updates

تحریک انصاف تبدیلی کے یک نکاتی ایجنڈے کی تکمیل کیلئے جانفشانی سے کوشاں ہے، ضیاء اللہ آفریدی

جمعرات 9 اپریل 2015 16:38

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔09 اپریل۔2015ء) خیبر پختونخوا کے وزیر برائے معدنی ترقی اور پشاور میگا پراجیکٹس کے کوآرڈینیٹر وفوکل پرسن ضیاء اللہ آفریدی نے پشاور میں جاری ترقیاتی و اصلاحاتی منصوبہ جات کی بروقت اور معیاری تکمیل کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاہے کہ تحریک انصاف تبدیلی کے یک نکاتی ایجنڈے کی تکمیل کیلئے جانفشانی سے کوشاں ہے ۔

صوبائی حکومت کی دوسالہ کارکردگی کا سابقہ ادوار حکومت سے موازنہ کرکے مذکورہ حقیقت کا ادراک باآسانی کیا جا سکتا ہے ۔ عوام اب سیاسی طورپر باشعور اور اپنے نفع و نقصان سے باخبر ہو چکے ہے انہیں مزید مکرو فریب پر مبنی سیاست سے بہلانا اب ممکن نہیں رہا ۔ صوبائی وزیر جمعرات کے روز پشاور میں جاری مختلف پراجیکٹس کے معائنے کے بعد متعلقہ حکام سے گفتگو کر رہے تھے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سیاسی و سماجی عمائدین کی بھی کثیر تعداد موجود تھی ۔ضیاء اللہ آفریدی نے کہا کہ تاریخی حیثیت کا حامل شہر پشاور کبھی اپنی رونق اور خوبصورتی میں بے مثال تھا مگر ماضی کے حکمرانوں کی عدم توجہ کی وجہ سے بدترین صورت پیش کرنے لگا ، جو ہمارے لئے نہایت آفسوس ناک امر تھا ۔ اُنہوں نے واضح کیا کہ تحریک انصاف نے برسر اقتدار آتے ہی بے شمار چیلنجز کے باوجود پشاور شہر کی رونق کو بحا ل کرنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر کام شروع کیا جس کے نتائج برآمد ہونا شروع ہو چکے ہے ۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ حقیقی تبدیلی کیلئے سرکاری محکمہ جات ، انتظامیہ اور سول ملازمین کے ساتھ ساتھ محب وطن شہریوں کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہو گا ، بالخصوص بدعنوانی کے خاتمے ، میرٹ کی بحالی اور تجاوزات کے خاتمے کے لئے اُٹھائے گئے حکومتی اقدامات اپنی نتیجہ خیزی میں عوام الناس کے بے لوث تعاون کے متقاضی ہیں۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :