دہشت گردوں کیخلاف فیصلہ کن جنگ لڑی جا رہی ہے، پاکستان بچانے کی جنگ ہر قیمت پر جیتیں گے، دہشت گردوں و انتہاپسندوں کا عبرتناک انجام قریب ہے، قوم کے اتحاد سے پاکستان کو دہشت گردی سے پاک کرکے دم لیں گے، پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑی ہے، آج پاکستانی عوام میں نیا جذبہ و عزم موجود ہے

پاکستان تاریخ کے دوراہے پر کھڑا ہے،اتحاد و اتفاق کی جتنی ضرورت آج ہے، پہلے کبھی نہ تھی وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی اراکین اسمبلی سے گفتگو

جمعرات 9 اپریل 2015 16:27

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔09 اپریل۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان تاریخ کے دوراہے پر کھڑا ہے۔اتحاد اور اتفاق کی جتنی ضرورت آج ہے، پہلے کبھی نہ تھی۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت اجتماعی بصیرت اور مشترکہ کاوشوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹ رہی ہے۔ دہشت گردی اور توانائی بحران پر قابو پانے کیلئے مخلصانہ اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

وہ مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی سے گفتگو کررہے تھے ۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں اٹھائے گئے اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ پنجاب میں دہشت گردی کے خاتمے کیلئے نیشنل ایکشن پلان پر موثر عملدرآمد جاری ہے اور دہشت گردوں کے ساتھ ان کے سہولت کاروں کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

قوانین میں ضروری ترامیم کرکے سزاؤں کو سخت کیا گیا ہے۔ انہو ں نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی، انتہاپسندی اور فرقہ واریت کو ہمیشہ ہمیشہ کیلئے کچلنے کیلئے پر عزم ہے۔ قوم کے اتحاد کی طاقت سے دہشت گردوں اور انتہاپسندوں کا عبرتناک انجام قریب ہے اور پاکستان کو دہشت گردی و انتہاپسندی سے پاک کرکے دم لیں گے۔ دہشت گردی کے ناسور کے خلاف فیصلہ کن جنگ لڑی جا رہی ہے جس میں صرف جیت ہی واحد آپشن ہے اور انشاء اللہ قوم کی توقعات پر پورا اترتے ہوئے پاکستان کو بچانے کی جنگ ہر قیمت پر جیتیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم افواج پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑی ہے۔ آج پاکستانی قوم میں نیا جذبہ، عزم اور بھرپور قوت موجود ہے اور یہی لمحہ دہشت گردی کے ناسور کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے جان ومال کے تحفظ کیلئے موجودہ غیر معمولی صورتحال غیر معمولی اقدامات کیے جارہے ہیں اوران غیر معمولی اقدامات کے حوصلہ افزا نتائج سامنے آرہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ ہماری آئندہ نسلوں کی بقاء کی جنگ ہے اورہم سب نے مل کر پاکستان کا کھویا ہوا امن اسے ہرقیمت پر لوٹانے کا عزم کر لیا ہے اور فیصلہ کر لیا ہے کہ دہشت گردی اور انتہاپسندی کیلئے پاک سرزمین پر کوئی جگہ نہیں۔قوم کے پختہ عزم سے ہمیشہ ہمیشہ کیلئے دہشت گردی کا قلع قمع کریں گے اور پاکستان کو صحیح معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بنائیں گے۔

توانائی بحران سے نمٹنے کیلئے کئے گئے اقدامات کاذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے دور حکومت میں توانائی کے متعدد منصوبوں پرتیزرفتاری سے کام جاری ہے۔ پنجاب میں گیس سے3600میگاواٹ بجلی کے حصول کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ گیس سے1200 میگاواٹ پنجاب حکومت جبکہ 2400میگاواٹ کے منصوبے وفاقی حکومت لگائے گی۔انہوں نے کہا کہ ہمارا ہر قدم توانائی بحران کے خاتمے کیلئے اٹھ رہا ہے۔ توانائی کی کمی کے مسئلے پر قابو پانے کیلئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔سستے ذرائع سے بجلی کے حصول کے منصوبوں پربھی تیزرفتاری سے کام کررہے ہیں ۔