پی ایچ اے میں 653 کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کرنے کے احکامات جاری

جمعرات 9 اپریل 2015 16:20

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔09 اپریل۔2015ء) پی ایچ اے میں سکیل 1 تا15 کے2012 ء سے ملازمت پر مامور653 کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کرنے کے احکامات جاری کر دیئے گئے۔تفصیل کے مطابق جیلانی پارک میں پنجاب حکومت کی منظوری کے بعد شکیل احمد ڈائریکٹر جنرل پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی نے 2012 سے مسلسل کام کرنے والے سکیل 1 تا 15 کے 653 مختلف ملازمین کو مستقلی کے لیٹرز جاری کر دئیے۔

اس بابت جیلانی پارک میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت ملک پرویز (ایم این اے)نے کی ۔

(جاری ہے)

ملک پرویز کے ساتھ دیگر مہمانانِ میں خواجہ عمران نذیر (ایم پی اے)،چوہدری شہباز (ایم پی اے)،جناب غزالی سلیم بٹ (ایم پی اے)،رانا اعجاز حفیظ (ایڈیشنل جنرل سیکرٹری مسلم لیگ ن) بھی اس تقریب میں موجود تھے ۔ملک پرویز نے اپنے خطاب میں کہا کہ پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی کے ملازمین اپنے سرپرست کی سربراہی میں لاہور کی خوبصورتی اُجاگر کرنے میں اپنا لوہا منوا چُکے ہیں۔

اس میں کوئی شک نہیں کہ انہیں محنتی مالیوں کے دستِ ہنر کے باعث لاہور اب علاقائی خوبصورتی کا استعارہ بن چکا ہے لہٰذا حکومتِ پنجاب ڈی جی پی ایچ اے شکیل احمد صاحب کی ہر ایسی خواہش کو عملی جامہ پہناتی رہے گی جس میں غریب محنتی ملازمین کی فلاح نظر آئے گی۔