قومی ادارہ تحفظ ماحولیات اور وفاقی اداروں کے درمیان رابطوں کا فقدان ہے؛ ڈائریکٹر جنرل ای پی اے ڈاکٹر محمد خورشید

جمعرات 9 اپریل 2015 15:17

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔09 اپریل۔2015ء) قومی ادارہ تحفظ ماحولیات ( ای پی اے ) کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر محمد خورشید نے کہا ہے کہ ای پی اے اور وفاقی اداروں جن میں سی ڈی اے اور آئی سی ٹی کے درمیان رابطہ کا فقدان ہے اور ان رابطوں کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے ۔ جمعرات کے روز اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔09 اپریل۔2015ء سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قومی ادارہ تحفظ ماحولیات وفاقی دارالحکومت میں پینے کے صاف پانی کے لئے منصوبوں پر کام کررہی ہے اور اس سلسلے میں راول ڈیم پروجیکٹ پر کام جاری ہے انہوں نے کہا کہ ای پی ااے کا دائرہ کار وفاق تک محدود ہے جبکہ صوبائی طور پر حکومتیں اپنے طور پر کام کررہی ہیں انہوں نے کہا کہ وفاق کے ادارے سی ڈی اے اور آئی سی ٹی اور ای پی اے کے درمیان رابطوں کا فقدان ہے انہوں نے کہا کہ جب ای پی اے اپنی رپورٹ ان وفاقی ا داروں کو ارسال کرتی ہے تو اس کا کوئی تسلی بخش جواب نہیں دیاجاتا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے اور آئی سی ٹی کے اجلاس میں بھی قومی ادارہ تحفظ ماحولیات کو مدعو نہیں کیا جاتا ہے انہوں نے کہا کہ جب ای پی اے کی طرف سے نوٹس سی ڈی اے اور آئی سی ٹی کو بھیجا جاتا ہے تو اس کا جواب بھی نہیں دیا جاتا ہے ۔ ڈاکٹر محمد خورشید نے کہا کہ عدالت عظمیٰ کی طرف سے جو کہا گیا ہے کہ وزارتیں متعلقہ ماحولیات کی ایجنسیوں کے درمیان جو رابطے کا فقدان ہے اس کو ختم کرنے کے لئے باقاعدگی سے اجلاس کریں اور اپنی ذمہ داریوں کا تعین کریں بالکل درست ہے اور اس پر عملدرآمد ہونا چاہیے انہوں نے کہا کہ ہمارا ادارہ اس سلسلے میں دیگر اداروں کے ساتھ رابطوں کو بہتر بنانے میں مزید اقدامات اٹھا رہا ہے ۔