ذکی الرحمان لکھوی ضمانت منسوخی کیس کی سماعت نہ ہو سکی

جمعرات 9 اپریل 2015 15:08

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔09 اپریل۔2015ء) ممبئی حملہ کیس کے مرکزی ملزم ذکی الرحمان لکھوی ضمانت منسوخی کیس کی سماعت جمعرات کے روز اسلام آباد ہائیکورٹ میں نہ ہو سکی‘ عدالت نے ذکی الرحمان لکھوی کے وکیل کی عدم موجودگی کی وجہ سے کیس کی آئندہ سماعت سوموار کے روز تک ملتوی کر دی۔ جمعرات کے روز جسٹس نور الحق این قریشی اور جسٹس شوکت عزیز صدیقی کی عدالت میں ایف آئی اے کی جانب سے ذکی الرحمان لکھوی کی ضمانت منسوخی کے لئے دائر کی گئی اپیل کی سماعت ہوئی۔

(جاری ہے)

ایف آئی اے کے پراسیکیوٹر چوہدری اظہر عدالت عالیہ میں پیش ہوئے جبکہ ذکی الرحمان لکھوی کے وکیل راجہ رضوان عباسی لاہور ہائیکورٹ میں مصروف ہونے کے باعث عدالت عالیہ میں پیش نہ ہو سکے۔ ضمانت منسوخی کیس اسلام آباد ہائیکورٹ نے بغیر کارروائی کے آئندہ سوموار تک ملتوی کر دیا ایف آئی اے نے ذکی الرحمان لکھوی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت سے منظور ہونے والی ضمانت کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے اور عدالت عالیہ سے استدعا کی گئی ہے کہ ذکی الرحمان لکھوی کی دہشت گردی کی عدالت سے منظور ہونے والی درخواست ضمانت کو منسوخ کرنے کا حکم دیا جائے۔

متعلقہ عنوان :