فریال تالپور سے چوہدری عبد المجید کی ملاقات ،آصف زرداری سے ملاقات کیلئے وقت مانگ لیا

جمعرات 9 اپریل 2015 13:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔09 اپریل۔2015ء) وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید کی پاکستان پیپلز پارٹی کی سیاسی امور کی انچارج فریال تالپورسے اہم ملاقات کی ،چوہدری عبد المجید نے آصف علی زرداری سے ملاقات کیلئے وقت مانگ لیا،فریال تالپور نے تعاون کی یقین دہانی کرادی ہے ۔ ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کی سیاسی امور کی انچارج فریال تالپور سے وزیر اعظم آزاد کشمیر نے ملاقات کی ہے اور آزاد کشمیر میں پارٹی صدارت سے ہٹانے کے حوالے سے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے ۔

چوہدری عبدالمجید نے کہا ہے کہ ضمنی الیکشن میر پور میں پیپلز پارٹی نے ایک طویل جدوجہد کی اورپارٹی کارکنوں نے بھر پور ساتھ اور تعاون کیا ہے،انہوں نے اپنے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ(ن) کے اتحاد سے ہمیں نقصان ہوا ہے اور کارکنوں میں مایوسی پھیلی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں صرف ایک سیٹ ہارنے پر ان سے آزاد کشمیر کی صدارت چھین لی گئی ہے جس سے پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی جگ ہنسائی ہو رہی ہے اور مخالفین بھی شدید تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں جبکہ بیرسٹر سلطان کے موقف کو پذیرائی حاصل ہو رہی ہے جس میں ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے آزاد کشمیر میں پیپلز پارٹی کو مٹا دیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی مرکزی اور دیگر تنظیمیں تحلیل کرنے سے پارٹی کارکنوں میں مایوسی پھیل گئی ہے، ذرائع کے مطابق وزیر اعظم آزاد کشمیر نے فریال تالپور سے کہا کہ پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری مرکزی اور دیگر تنظیمیں تحلیل کرنے کے حوالے سے فیصلے کو فوری طور پر واپس لیں بصورت دیگر پارٹی کو ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا، انہوں نے فریال تالپور سے آصف علی زرداری سے ملاقات کیلئے وقت مانگا ہے ۔

جس پر فریال تالپور نے وزیر اعظم آزاد کشمیر کو اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے اور کہا ہے کہ جلد از ان کی ملاقات آصف علی زرداری سے کرا ئی جائے گی اور ان کے تحفظات کو دور کیا جائے گا تاہم آزاد کشمیر کی مرکزی اور دیگر تنظیمیں تحلیل کرنے کے حوالے سے حتمی فیصلہ آصف زرداری کریں گے

متعلقہ عنوان :