کراچی پریس کلب کی ایک تاریخ ہے جس کا وقار اور اہمیت پاکستان سمیت دنیا بھر میں ہے جمہوری انداز میں یہ ادارہ کام کررہا ہے ،گورنر سندھ

بدھ 8 اپریل 2015 22:58

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔08 اپریل۔2015ء) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ کراچی پریس کلب کی ایک تاریخ ہے جس کا وقار اور اہمیت پاکستان سمیت دنیا بھر میں ہے جمہوری انداز میں یہ ادارہ کام کررہا ہے قومی ترقی میں کراچی پریس کلب براہ راست حصہ دار ہے اسی لئے میری کوشش ہوتی ہے کہ صحافی برادری کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی پریس کلب کے دورے کے دوران پریس کلب کے عہدیداروں سے بات چیت اور تقریب سے خطاب میں کیا ۔ اس سے قبل پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی نے گورنر سندھ کو صحافی برادری کے لئے خدمات انجام دینے کے اعتراف میں تاحیات رکنیت دی اور کراچی پریس کلب آمد پر ادارے کی طرف سے اجرک اور پھولوں کے تحائف بھی پیش کئے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پریس کلب کے عہدار، مدیران اخبارات، بیورو چیفس، صحافی یونین کے عہدیدار ، سینئر صحافیوں سمیت پرنٹ و الیکٹرک میڈیا سے وابسطہ صحافیوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

گورنر سندھ نے کہا کہ میں شکر گذار ہوں پریس کلب کی منیجمنٹ اور صحافی دوستوں کا جنھوں نے مجھے اس قابل سمجھا اور مجھے مدعو کرکے تاحیات ممبر شپ دی بلاشبہ کراچی پریس کلب ایسا ادارہ ہے جس نے پوری صحافی برادری کو جوڑے رکھا ہے جو ایک کلچر بھی فراہم کرتا ہے میری سوچ یہ رہتی ہے کہ اس ادارے کو اہمیت دی جائے جب بھی میرے سامنے صحافی برادری کے مسائل آئے تو میں اسے ترجیحی بنیادوں پر حل کرانے کی بھرپور کوششیں کرتا ہوں ہمارا کام رکاوٹیں دور کرکے مسائل حل کرنا ہوتا ہے یقین دلاتا ہوں کہ کراچی پریس کلب کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کراؤں گا ۔

گورنر ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ مجھے حیرت ہوئی ہے کہ کراچی پریس کلب کو حکومت کی جانب سے کوئی گرانٹ نہیں مل رہی ہے اسی طرح پہلے آرٹس کونسل آف پاکستان کو بھی کسی قسم کی کوئی گرانٹ نہیں ملتی تھی جب آرٹس کونسل کے ممبران میرے پاس تشریف لائے تو مجھے بتایا گیا کہ آرٹس کونسل آف پاکستان کو صرف 10 ہزار روپے کی گرانٹ ملتی ہے میں نے فوراً گرانٹ 10 ہزار روپے سے بڑھا کر 10 لاکھ روپے کرنے کا اعلان کیاالحمد اللہ آج آرٹس کونسل آف پا کستان کی گرانٹ ساڑھے تین کروڑ روپے ہے جسے مزید بھی بڑھایا جائے گا ۔

تاحیات رکن کراچی پریس کلب ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ صحا فی بھائیوں کو مجھ سے پریس کلب کے ممبر کی حیثیت سے جو بھی توقع ہوگی اسے پورا کروں گاصحافیوں کے پلاٹس مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرانے کا یقین دلاتاہوں اس ضمن میں لیز کے مسئلہ کو وزیر اعظم اور متعلقہ حکام سے بات کرکے حل کرائیں گے کیس کی اسٹڈی کرکے اس کا حل ضرور نکال لیں گے امید ہے کہ اس مسئلے کا حل بھی نکل آئے گا ۔

گورنر سندھ نے کہا کہ جب بھی کسی مسئلے پر مجھے حکومت کی طرف سے دیر ہوتی نظر آتی ہے تو میں ملک ریاض صاحب سے رابطہ کرتا ہوں جنھوں نے کراچی پریس کلب کے لئے بھی ایک کروڑ روپے امداد کا اعلان کیا تھا صحافی بھائیوں کے رہائشی مسائل کے حل کے لئے ملک ریا ض صاحب کو میں خود یہاں لیکر آؤں گا ۔ تقریب سے خطاب میں کراچی پریس کلب کے جنرل سیکریڑی اے ایچ خانزادہ نے کہا کہ کراچی پریس کلب ملک کا ایک ایسا ادارہ ہے جو مظلوموں اور محکوموں کی آواز ہے یہاں سے ان کی آواز ارباب اختیار ات تک پہنچائی جاتی ہے گورنر سندھ نے ہر موقع پر کراچی پریس کلب کی سرپرستی کی صحافیوں کے دیگر مسائل کے حل کے ساتھ ساتھ پلاٹس کے لئے گورنر سندھ کا کردار کلیدی رہا ہے ہاکس بے ، ملیر ڈیویلپمنٹ اتھارٹی ، اور صحافی رہائشی اسکیم کے حوالے سے گورنر سندھ سے مشاورت رہی گورنر ڈاکٹر عشرت العباد خان نے ایک بڑے تاجر سے رابطہ کرکے کراچی پریس کلب کو ایک کروڑ روپے گرانٹ دلائی ہے ہر کڑے وقت میں گورنر سندھ کراچی پریس کلب کے ساتھ کھڑے رہے ہیں ۔

کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ گورنر سندھ کا ہمیشہ سے کراچی پریس کلب اور صحافیوں کے لئے سر پرستی والا کردار رہا ہے جب بھی ماضی اور حال میں اگر ہمیں کوئی مسئلہ درپیش آیا تو ہم نے گورنر سندھ سے رابطہ کیا جنھوں نے نہ صرف ہماری بات کو توجہ سے سنا بلکہ اسے حل بھی کرایا ہمارے پلاٹس کا معاملہ ہو یا عمارت کا گورنر ڈاکٹر عشرت العباد خان نے بڑھ کر اپنا کردار ادا کیا جن صحافیوں کو پلاٹس نہیں ملے انھیں بہت جلد گورنر سندھ کی طرف سے خوشخبری سننے کو ملے گی ۔

انہوں نے کہا کہ میں پریس کلب کی جانب سے گورنر سندھ کو طویل ترین گورنر کا اعزا ز حاصل کرنے پر مبارکباد ہیش کرتاہوں آپ نے اس دوران بر دباری ، تحمل مزاجی اور بر داشت سے کام لیا، تاجر برادری کو سہولیات فراہم کرنے اور ان کی مشکلات کو دور کرنے میں گورنر سندھ کا کردار لائق تحسین ہے صحافیوں کے لئے خدمات انجام دینے پر کراچی پریس کلب نے گورنر سندھ کو تاحیات رکنیت دینے کا اعلان کیا ہے ۔