قصور ‘باراتیوں کی فائرنگ سے2بچے جاں بحق ،وزیر اعلیٰ پنجاب نے نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او سے رپورٹ طلب کر لی

بدھ 8 اپریل 2015 22:49

قصور ‘باراتیوں کی فائرنگ سے2بچے جاں بحق ،وزیر اعلیٰ پنجاب نے نوٹس لیتے ..

قصور /لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔08 اپریل۔2015ء ) قصور کے نواحی گاؤں موضع گٹی کالنجر میں باراتیوں کی فائرنگ سے2بچے جاں بحق ہو گئے،وزیر اعلیٰ پنجاب نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او قصور سے رپورٹ طلب کر لی ۔ تفصیل کے مطابق قصور کے علاقے گنڈا سنگھ کے نواحی گاؤں موضع گٹی کالنجرمیں عارف ڈوگر نامی کی بارات آئی اورباراتیوں نے گاؤں میں داخل ہوتے ہی زبردست ہوائی فائرنگ شروع کر دی جس سے بارات دیکھنے آئے ہوئے دو بچے آٹھ سالہ وسیم احمد اور دس سالہ شمشاد احمد گولیاں لگنے سے موقع پرہی جاں بحق ہو گئے ۔

(جاری ہے)

پولیس نے موقع پر پہنچ کر بچوں کی نعشوں کو قبضہ میں لے کر پوسٹ مارٹم کیلئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر کے کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے قصور کے علاقے گنڈا سنگھ میں شادی کی تقریب کے دوران فائرنگ سے دو بچوں کے جاں بحق ہونے کے واقعے کی خبر کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او قصور سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ فائرنگ میں ملوث ملزمان کے خلاف قانون کے تحت سخت کارروائی عمل میں لائی جائے اور ملزمان کی فوری گرفتاری کو یقینی بنایا جائے ۔

متعلقہ عنوان :