صحافتی برادری ملک میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے ، ملک کی ترقی میں صحافیوں کا کلیدی کردار ہے،گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان

بدھ 8 اپریل 2015 22:43

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔08 اپریل۔2015ء) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ کراچی پریس کلب کے ممبران کے لیے ہاکس بے اسکیم اور ملیر ڈویلپمنٹ اتھارٹی میں حکومت کی جانب سے دیے گئے پلاٹوں میں درپیش رکاوٹوں اور مسائل کو بتدریج حل کیا جائے گا، صحافتی برادری ملک میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور ملک کی ترقی میں صحافیوں کا کلیدی کردار ہے ،پریس کلب کی اپنی ایک تاریخی حیثیت ہے ۔

پریس کلب کی لیز اور گرانٹ کے حوالے سے حکومت سے بات کروں گا اور ان مسائل کے حل کے لیے بھرپور کوشش کروں گا ۔ بحریہ ٹاوٴن کے سربراہ ملک ریاض ہر مشکل وقت میں کام آتے ہیں ۔کراچی پریس کلب کے لیے ملک ریاض نے ایک کروڑ روپے کی گرانٹ کا اعلان کیا ہے ۔ اس پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں ۔

(جاری ہے)

وہ بدھ کو پریس کلب میں اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے، اس موقع پریس کلب کی جانب سے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان کو کلب کی تاحیات رکنیت دی گئی ۔

اس موقع پر کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی ، سیکرٹری اے ایچ خانزادہ ، نائب صدر نواب قریشی اور دیگر عہدیداران بھی موجود تھے ۔ پریس کلب کے صدر اور سیکرٹری نے گورنر سندھ کو تاحیات رکنیت کا سرٹیفکٹ دیا ۔ پریس کلب آمد پر گورنر سندھ کا بھرپور استقبال کیا گیا ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی پریس کلب نے مجھے اس قابل سمجھا اور مجھے تاحیات رکنیت دی ۔

میں ان کا انتہائی مشکور ہوں ۔ پاکستان میں دیگر پریس کلب بھی موجود ہیں لیکن پاکستان پریس کلب کی اپنی ایک حیثیت اور وقار ہے ۔ یہ پریس کلب دنیا بھر میں پاکستان کے صحافیوں کی نمائندگی کرتا ہے ۔ صحافتی برداری اور کراچی پریس کلب کا ملک کی ترقی میں انتہائی اہم کردار ہے ۔ کراچی پریس کلب اور صحافتی برادری کے مختلف مسائل ہیں ۔ میں ان سے آگاہ ہوں ۔

انتظامی وجوہات کے باعث ان مسائل کے حل میں تاخیر ہو جاتی ہے ۔ لیکن ہم محنت اور لگن سے کام کر رہے ہیں ۔ کراچی پریس کلب کی عمارت کی لیز کا معاملہ بہت پرانا ہے ۔ اس حوالے سے وزیر اعظم اور متعلقہ اداروں سے بات کروں گا اور میری کوشش ہو گی کہ یہ مسئلہ جلد از جلد حل ہو جائے ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ حکومتی کاموں میں بعض دفعہ دیر ہو جاتی ہے ۔ لیکن میں بعض مسائل کے حل کے لیے بحریہ ٹاوٴن کے سربراہ ملک ریاض سے رابطہ کرتا ہوں اور ان کی کوششوں سے کئی مسائل جلدی حل ہو جاتے ہیں ۔

کراچی پریس کلب کے لیے بھی انہوں نے ایک کروڑ روپے کی گرانٹ کا اعلان کیا ہے ۔ امید ہے کہ یہ بھی جلد مل جائے گی ۔ آج ملک ریاض کو بھی آنا تھا لیکن وہ اپنی مصروفیات کے باعث نہ آسکے ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ اب میں صحافتی برادری کا حصہ اور پریس کلب کا ممبر بن گیا ہوں ۔ میں یہاں ٹہلنے کے لیے آجایا کروں گا اور صحافیوں کے مسائل بھی معلوم کرتا رہوں گا ۔

انہوں نے کہا کہ مجھے حیرت ہوئی ہے کہ پریس کلب کی کوئی بجٹ میں کوئی مخصوص گرانٹ نہیں ہے ۔ آرٹس کونسل کی بھی پہلے 10 ہزار گرانٹ ہوا کرتی تھی ، جو اب بڑھ کر ساڑھے تین کروڑ روپے ہو گئی ہے ۔ پریس کلب کی گرانٹ کے مسئلے کے لیے وزیر اعلیٰ سندھ سے بات کروں گا اور اس مسئلے کو حل کروں گا ۔ کراچی پریس کلب کے دیگر ترقیاتی منصوبوں کے لیے بھی تعاون کیا جائے گا ۔

اس موقع پر کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی نے کہا کہ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان ملک کے واحد گورنر ہیں ، جو طویل عرصے سے اس منصب پر فائز ہیں ۔ انہیں اس منصب کے لیے جس جماعت نے نامزد کیا تھا ، اس جماعت کے مختلف حکومتوں کے ساتھ اتار چڑھاوٴ آتے رہتے ہیں ۔ تاہم گورنر سندھ کی شخصیت ایسی ہے کہ جو بھی حکومت ہوتی ہے ، وہ انہیں اپنا نمائندہ سمجھتی ہے ۔

انہوں نے گورنر سندھ کو کراچی پریس کلب کی تاحیات رکنیت دینے کا اعلان کیا ۔ اس موقع پر کراچی پریس کلب کے سیکرٹری اے ایچ خانزادہ نے کہا کہ کراچی پریس کلب ایک ایسا ادارہ جہاں ہر مظلوم اپنی فریاد کو لے کر آتا ہے اور صحافتی برادری مظلوموں کے مسائل کی نشاندہی اس فورم سے کرتی ہے ۔ انہوں نے گورنر سندھ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کراچی پریس کلب کے ارکان کو ہاکس بے اور ملیر ڈویلپمنٹ اتھارٹی میں دیئے گئے پلاٹوں کے مسائل اور پریس کلب کی لیز کے حوالے سے بھی اپنا کردار ادا کریں ۔ انہوں نے ایک کروڑ روپے کی گرانٹ کے اعلان پر بحریہ ٹاوٴن کے سربراہ ملک ریاض کا بھی شکریہ ادا کیا ۔

متعلقہ عنوان :