ایم کیوایم کے کارکنان و ذمہ دار ان کوئی ایسا عمل نہ کریں جس سے لڑائی جھگڑے کاخطرہ ہو،الطاف حسین

بدھ 8 اپریل 2015 21:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔08 اپریل۔2015ء) متحدہ قومی موومنٹ کے قائدالطاف حسین نے ایم کیوایم کے کارکنوں اورذمہ داروں سے کہاہے کہ وہ کسی بھی موقع پر تشددکاراستہ اختیارنہ کریں اور ایساکوئی عمل نہ کریں جس سے لڑائی جھگڑے کاخطرہ ہو،اگرخاموش ہوجانے سے لڑائی جھگڑے کاخطرہ ٹل سکتاہوتو اس لڑائی جھگڑے کے خطرے کوٹالنے کیلئے خاموش ہوجانے اور اپنی جگہ سے ہٹ جانے میں شرم محسوس نہ کریں۔

انہوں نے یہ بات آج ایم کیوایم حیدرآباد کی زونل کمیٹی کے ارکان سے فون پر گفتگوکرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر زونل کمیٹی کے ارکان نے کنٹونمنٹ کے الیکشن کے سلسلے میں کی جانے والی تیاریوں سے بھی آگاہ کیا۔ الطا ف حسین نے ان پر اطمینان کااظہارکیا۔انہوں نے ایک بارپھراپنی اس بات کااعادہ کرتے ہوئے کارکنوں سے کہاکہ آپ یہ نہ سوچیں کہ آپ کے خلاف باتیں کرنے والا اورآپ کومغلظات دینے والاکوئی فردآپ کے گھرآرہاہے ،بلکہ ہماری تعلیمات یہ ہیں کہ اگرآپ کاکوئی بدترین مخالف بھی آپ کے گھر آئے توآپ اس کا خیرمقدم کریں اورکوئی ایساعمل نہ کریں جس سے لڑائی جھگڑے کاماحول پیداہو اورکوئی اس کوجوازبناکرالیکشن سے راہ فرار اختیار کرے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ذمہ داران وکارکنان سے کہاکہ اگرکوئی گالی بھی دے تواس سے جھگڑانہ کریں،صبروتحمل اورضبط وبرداشت سے کام لیں، اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھیں اورکنٹونمنٹ کے الیکشن میں اپنے ووٹ کے ذریعے مخالفین کی سازشوں اورجھوٹے پروپیگنڈوں کاجواب دیں۔ اس موقع پر زونل کمیٹی کے ارکان اورذمہ داران نے الطاف حسین کوبتایاکہ انشاء اللہ عام انتخابات کی طرح کنٹونمنٹ کے الیکشن میں بھی حق پرست امیدوارشاندارکامیابی حاصل کریں گے ، مخالف قوتیں چاہے کتنی ہی سازشیں کرلیں حیدرآباد کل بھی آپ کے چاہنے والوں کاشہر تھا اورآج بھی ہے اورانشاء اللہ آئندہ بھی رہے گا۔

متعلقہ عنوان :