صوبے کے گوداموں میں 1لاکھ 40ہزار ٹن گندم کے ذخائر دستیاب ہیں،قلندرلودھی

بدھ 8 اپریل 2015 21:23

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔08 اپریل۔2015ء)خیبر پختونخوا کے وزیر خوراک حاجی قلندرخان لودھی نے کہا ہے کہ صوبے کے گوداموں میں 1لاکھ 40ہزار ٹن گندم کے ذخائر دستیاب ہیں جو ہماری اگلے چار مہینے کی ضروریات کے لئے کافی ہے جبکہ آئندہ مالی سال کے ابتدائی 8مہینوں کے لئے 3لاکھ ٹن کا ٹارگٹ مقرر کیا گیا ہے۔انہوں نے اس بات کو خوش آئند قرار دیا کہ امسال تمام فصلیں توقعات سے زیادہ بہتر ہوئی ہیں اور گندم کی بمپر کراپ متو قع ہے جسکی بدولت چترال‘ڈیرہ اسماعیل خان ‘ملاکنڈ اور ہزارہ سمیت تمام ڈویژنز میں گندم کی خریداری مقامی سطح پر بآسانی مکمل ہوگی تاہم بوقت ضرورت پاسکو اور دیگر ذرائع سے فوری خریداری کے انتظامات بھی کئے گئے ہیں۔

وہ اپنے دفتر سول سیکرٹریٹ پشاور میں محکمہ خوراک سے متعلق و رکنگ گروپ کے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں گندم اور دیگر غذائی ضروریات کے انتظامات، روز مرہ اشیاء کی طلب و رسد اور دیگر امور پر تفصیلی غور و خوض ہوا اور ضروری فیصلے کئے گئے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ممبران کے علاوہ ڈائریکٹر فوڈ محمد انور خان و ڈپٹی ڈائریکٹر کوآرڈنیشن نوشاد علی خان ‘ ڈپٹی ڈائریکٹر اکاؤنٹس محمد روخان ،انچارج پلاننگ سیل انجینئر محمد حنان،اسسٹنٹ ڈائریکٹرفوڈ ہادی خان اور محکمہ قانون کے ڈپٹی سیکرٹری محمد شکیل نے خصوصی شرکت کی۔

قلندر خان لودھی نے محکمہ خوراک کے حکام کو تمام انتظامات ہر لحاظ سے فول پروف بنانے کی ہدایت کی اسی طرح انہوں نے مذبح خانوں اور گوشت،پھل و سبزی مارکیٹوں اور دکانوں میں صفائی و حفظان صحت کی صورتحال سختی سے یقینی بنانے اور روزانہ کی بنیاد پر باقاعدگی سے انسپکشن اور چھاپوں کا سلسلہ جاری رکھنے جبکہ غفلت کے مرتکب افراد کی قید اور بھاری جرمانوں سمیت عبرتناک سرزنش کی ہدایت بھی کی۔

انہوں نے واضح کیاکہ پی ٹی آئی کی اتحادی حکومت عوام کی صحت سے کھیلنے والوں کو نشان عبرت بنائے گی اسی طرح لاپرواہی برتنے واے سرکاری اہلکاروں اور افسروں کو بھی نہیں بخشا جائے گا۔ہر ایک کو اپنے فرائض پہچاننا اور ان کی تکمیل یقینی بنانا ہوگا بصورت دیگر کسی بھی سخت اقدام سے گریزنہیں کیا جائے گا وزیر خوراک نے کہا کہ پی ٹی آئی کے تبدیلی ایجنڈے کامقصد قانون،میرٹ اور انصاف کی بالا دستی پر مبنی صحت مندفلاحی معاشرے کی تشکیل ہے تاکہ ہر شہری کو ترقی کے یکساں مواقع ملیں اور کسی کی حق تلفی نہ ہونے پائے انہوں نے کہاکہ عمران خان اور وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کی فعال قیادت میں نئے خیبر پختونخواکا خواب بہت جلد شرمندہ تعبیر بنا دیا جائے گا۔