قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والوں سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی،ضیاء اللہ آفریدی

بدھ 8 اپریل 2015 21:20

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔08 اپریل۔2015ء) خیبر پختونخوا کے وزیر برائے معدنی ترقی ضیاء اللہ آفریدی نے چراٹ سیمنٹ فیکٹری نوشہرہ کادورہ کیا۔محکمہ معدنیات کے افسران،کمشنر مائنز خیبر پختونخواپشاور زیارت خان،چیف انسپکٹر مائنز فضل رازق،اسسٹنٹ ڈائریکٹر معدنیات پشاور عصمت علی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر معدنیات نوشہرہ دوست محمد اور سروینگ اینڈڈرائنگ آفیسر پشاور محمد رفیق بھی انکے ہمراہ تھے۔

صوبائی وزیر ضیاء اللہ آفریدی نے فیکٹری کی مائننگ سرگرمیوں کا تفصیلی معائنہ کیا اور فیکٹری میں استعمال ہونے والے معدن پر ادا کئے جانے والے حکومتی ٹیکس پر اپنے تحفظات کااظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ خام معدن کی پیداوار کے مطابق ٹیکس ادا کیاجانا چاہیے۔انہوں نے مزید کہاکہ بعض فیکٹری مالکان دانستہ طور پر پیداوار کم ظاہر کرتے ہیں تاکہ انہیں ٹیکس کم دینا پڑے حالانکہ حقیقت اسکے برعکس ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے واضح کیاکہ قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والوں سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ضیاء اللہ آفریدی نے فیکٹری حکام کوخام معدن کی پیداوار اور اس سے حاصل ہونے والی رائلٹی وغیرہ میں مزید شفافیت لانے کے لئے بہتر طریقہ کار وضع کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہاکہ موجودہ صوبائی حکومت تمام محکمہ جات میں شفافیت لانے اور انہیں مثبت تبدیلی سے ہمکنار کرنے کے لئے یکساں اصلاحاتی فارمولے پر عمل پیرا ہے جس میں کسی سے نا انصافی نہیں ہوگی۔انہوں نے کہاکہ تمام صوبائی محکمہ جات،اداروں اور کارخانوں کے متعلقہ حکام کو چاہیے کہ تحریک انصاف کے تبدیلی کے یک نکاتی ایجنڈے کو کامیاب کرنے کے لئے اپنا کردار اداکریں۔

متعلقہ عنوان :