چیف جسٹس نے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے الزامات کی تحقیقات لیے جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے کی منظوری دیدی

پہلا اجلاس آج ایک بجے سپریم کورٹ میں ہو گا، کمیشن الیکشن 2013 ء میں مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کر کے 45 روز میں اپنی رپورٹ پیش کریگا

بدھ 8 اپریل 2015 19:26

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔08 اپریل۔2015ء) چیف جسٹس آف پاکستان نے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے الزامات کی تحقیقات لیے اپنی سربراہی میں تین رکنی جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے کی منظوری دیدی ہے ، پہلا اجلاس (کل) جمعرات کو دن ایک بجے سپریم کورٹ میں ہو گا، کمیشن 45 روز میں اپنی رپورٹ پیش کریگا۔ تفصیلات کے مطابق وزارت قانون کی جانب سے ایک روز قبل سپریم کورٹ کو اس سلسلہ میں نوٹیفیکیشن بھجوایا گیا تھا جو رجسٹرار سپریم کورٹ کو موصول ہو گیا تھا ۔

(جاری ہے)

بدھ کو چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ناصر الملک نے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے الزامات کی تحقیقات کے لیے تین رکنی جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کی منظوری دے دی ہے۔ چیف جسٹس ناصر الملک جوڈیشل کمیشن کی سربراہ ہونگے جبکہ ارکان میں جسٹس امیر ہانی مسلم اور جسٹس اعجاز افضل شامل ہوں گے۔چیف جسٹس کی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن کا پہلا اجلاس (آج) جمعرات کو دوپہر ایک بجے سپریم کورٹ میں ہوگا واضح رہے کہ کمیشن 45 روز میں دھاندلی سے متعلق تحقیقات مکمل کر کے متعلق اپنی رپورٹ وفاقی حکومت کو پیش کرے گا۔ گزشتہ دنوں تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان جوڈیشل کمیشن کے قیام کے معاہدے پر دستخط ہوئے اس حوالے سے صدر مملکت نے کمیشن کے قیام کے لیے آرڈیننس جاری کیا تھا۔