Live Updates

آزاد کشمیر بھر میں دوسری جماعتوں سے کارکن پی ٹی آئی میں جو ق درجوق شامل ہو رہے ہیں،بیرسٹرسلطان محمود

بدھ 8 اپریل 2015 19:26

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔08 اپریل۔2015ء) آزادکشمیر کے سابق وزیر اعظم و کشمیر پی ٹی آئی کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر بھر میں دوسری جماعتوں سے باضمیر، باغیرت اور با شعور کارکن پی ٹی آئی میں جو ق درجوق شامل ہو رہے ہیں۔ یہ سلسلہ اسی طرح جاری و ساری رہے گا اور مجھے نظر آرہا ہے کہ پی ٹی آئی اب ایک بڑی جماعت بن کر ابھری ہے ۔

کیونکہ آزاد کشمیر میں باقی تینو ں جماعتوں کو بھی لوگ دیکھ چکے ہیں کیونکہ وہ صرف مک مکا، کرپشن اور تعصب پر یقین رکھتی ہیں۔جبکہ عمران خان کا ویژن آزادکشمیر میں تبدیلی لانے کاہے اور معاشی ، سیاسی طور پر ایک نیا آزاد کشمیر بنایا جائے گا اور آزادی کے بیس کیمپ کو صحیح معنوں میں ایک بیس کیمپ بنایا جائے گا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج یہاں اسلام آباد میں اپنی رہائشگاہ پر مختلف سیاسی جماعتوں سے بڑی تعداد میں مستعفی ہو کربیرسٹرسلطان محمود چوہدری کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کشمیرپی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کرنے والے قائدین اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پرکشمیر پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کرنے والوں میں مسلم لیگ ن پونچھ ڈویژن کے سیکریٹری جنرل سردار طاہر اکبر،مہتاب کھوکھر سینئر نائب صدر باغ، حلقہ شرقی باغ سے سردار عامر نذیر، چوہدری عتیق، راشد سلیم، اظہر مغل، نوید کھوکھر، شاہد مغل، سعید سلیم، طیب کھوکھر، عابد حسین عابدی، سردار اظہر مختار، سردار اسد طارق، سردار راشد مغل، سردار فہیم رضا، سردار بابر مختار، سردار بابر شریف، راشد چغتائی، سہیل انور، سردار شہزاد رزاق، سردار کامران عارف، آصف مغل، عمران مغل،ولید کبیر، بابر طاہر ماگرے،سردار اظہر رشید، حبیب اللہ بٹ، سردار جاوید اکبر، سردار نسیم یوسف، نا صر مغل، فیصل ارشاد، رضوان اکرم، مبشر، ماجد مغل، راجہ احمد ،راجہ نثار اور دیگر شامل تھے۔

جبکہ اس موقع پر سردار عابد، سابق مشیر سردار امتیاز خان، شیخ مقصود، بشارت بادشاہ،سردار سجاد، رضوان خالد، سردار سجاد جعفر، سردار نثار اور دیگر بھی موجود تھے۔بیرسٹرسلطان محمود چوہدری نے کہا کہ عمران خان اور پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کا پارلیمنٹ کے اجلاس میں جانا جمہوریت کے فروغ دینے کے مترادف ہے۔ کیونکہ جو ڈیشل کمیشن کا مطالبہ پورا ہونے کے بعد پی ٹی آئی نے جمہوریت کی بہتری کے لئے پارلیمنٹ میں جانے کا فیصلہ کیا۔

تاہم اس سلسلے میں حکومتی بینچوں کا رویہ انتہائی غیر جمہوری تھا اس سے پتہ چلتا ہے کہ نواز شریف کی ٹیم نہ تو جمہوری رویے پر یقین رکھتی ہے اور نہ ہی ملکی ترقی چاہتی ہے۔ تاہم پی ٹی آئی جمہوریت کے لئے کوششیں جاری رکھے گی اور میرپور کی طرح کراچی کا الیکشن جیت کر یہ ثابت کر دے گی کہ پی ٹی آئی ہی وفاقت کی علامت جماعت ہے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات