اوکاڑہ ،خود کو طالبان کا رہنما ظاہر کر کے بینک کو بم سے اڑانے کی دھمکی دینے والا ملزم گرفتار

بدھ 8 اپریل 2015 19:05

اوکاڑہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔08 اپریل۔2015ء) اوکاڑہ پولیس نے خود کو طالبان کا رہنما ظاہر کر کے بینک کو بم سے اڑانے کی دھمکی دینے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔پولیس کی بر وقت کارروائی سے بینک ڈکیتی کی بڑی واردات ناکام ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق اوکاڑہ کے نواحی قصبہ حویلی لکھا کے ایک نجی بینک(یو بی ایل) کی برانچ میں ایک شخص داخل ہوا اور سیدھا بینک مینجر کے کمرے میں داخل ہوا۔

اس شخص نے بینک مینجر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میرا تعلق طالبان سے ہے میرے پاس بم بھی موجود ہے۔آپ بینک کا سارا کیش باہر کھڑی میری گاڑی میں رکھوا دیں ورنہ میں بم پھاڑ کر بینک کو اڑا دو گا۔اس بات سے بینک میں موجود عملے اور کھاتے داروں میں سراسیمگی پھیل گئی۔ بینک میں موجود ایک شخص نے ڈی پی او اوکاڑہ کیپٹن(ر) محمد فیصل رانا کو اطلاع دی۔

(جاری ہے)

ڈی پی او نے فوری طوری پر تھانہ حویلی لکھا کے ایس ایچ او کو موقع پر پہنچ کر ملزم کی گرفتاری کی ہدائت کی۔اسی دوران ڈی پی او بینک کے عملے کے ساتھ بھی رابطے میں رہے اور انہیں مختلف ہدایات بھی دیں جن کی روشنی میں خود کو طالبان کا راہنما ظاہر کرنے والے کو ایسے اینگیج رکھا گیا کہ وہ سمجھتا رہا کہ اسکے لئے کیش اکھٹا کیا جا رہا ہے۔ ڈی پی او کی سخت مانیٹرنگ سے پولیس موقع پر پہنچی اور بینک کو گھیرے میں لیکر ملزم کو گرفتار کر لیا ابتدائی طور پر جسکا نام عمران بتایا جا رہا ہے۔

ڈی پی او اوکاڑہ کی اطلاع ملنے کے بعد بر وقت کارروائی سے بینک ڈکیتی کی خطرناک واردات ناکام ہو گئی۔ڈی پی او نے صحافیوں کو بتایا کہ اس بات کا جائزہ لیا جا رہا ہے کہ ملزم کی دعوے میں کس حد تک صداقت ہے۔اور اسکے بیان کی روشنی میں مذید گرفتاریاں بھی کی جائیں گی۔

متعلقہ عنوان :