یمن کی صورتحال انتہائی کشیدہ ہے ، ہماری تمام تر ہمدردیاں سعودی عرب کے ساتھ ہیں، اس سلسلے میں پارلیمنٹ کے فیصلے کا

احترام کیا جانا چاہیے

بدھ 8 اپریل 2015 19:05

کوئٹہ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔08 اپریل۔2015ء ) قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے کہا ہے کہ یمن کی صورتحال انتہائی کشیدہ ہے وہاں خانہ جنگی ہورہی ہے تاہم ہماری تمام تر ہمدردیاں سعودی عرب کے ساتھ ہیں اس سلسلے میں پارلیمنٹ کے فیصلے کا احترام کیا جانا چاہیے ۔ بدھ کے روز نواب اکبر بگٹی قتل کیس کی سماعت کے بعد میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ یمن خانہ جنگی کا شکارہے وہاں کی صورتحال کسی صورت بھی صحیح نہیں ہماری ہمدردی سعودی عرب کے ساتھ ہے اس کی سالمیت کو کسی صورت بھی خطرہ نہیں ہونا چاہیے یمن کی صورتحال بارے پارلیمنٹ کے فیصلے کا احترام کیا جانا چاہیے ۔

پارلیمنٹ کے ذریعے بڑے فیصلے ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اور اس کی پارٹی کے دیگر اراکین 40 روز تک پارلیمنٹ میں نہیں آئے جسے عدالت میں چیلنج کیا گیا ہے اب عدالت ہی مزید کوئی فیصلہ کرے گی ۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ عدلیہ کے فیصلوں کا احترام کرتے ہیں اور ہمیں انصاف کی توقع ہے ۔ اس موقع پر پرویز مشرف کے وکیل اختر شاہ ایڈووکیٹ نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ ہم عدالتوں میں آئیں گے ۔

پرویز مشرف کی میڈیکل رپورٹ آچکی ہے تاہم ہمیں سیکورٹی خدشات اب بھی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عدالت نے پیشی سے استثنیٰ کی ہماری درخواست مان لی ہے جبکہ مستقل استثنیٰ بارے درخواست پر دلائل 22 اپریل کو ہوں گے ۔ جمیل اکبر بگٹی کے وکیل سہیل احمد راجپوت ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف کے میڈیکل رپورٹ پہلے مسترد ہوا تھا اب دوسرا پیش کیا گیاہے جس کا ہم بھی جائزہ لے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف مختلف حیلے بہانوں سے نواب اکبر بگٹی قتل کیس میں راہ فرار اختیار کررہا ہے ۔ تاخیری حربوں کا سلسلہ اس وقت بھی جاری ہے جو مایوس کن ہے ۔

متعلقہ عنوان :