Live Updates

عمران خان پاکستان کے عظیم قومی لیڈر ہیں،امین گنڈا پور

چیئرمین تحریک انصاف نے ذاتی انا کی کبھی پروا ہ نہیں کی ،ذاتی مفادات سے ہمیشہ بالا تر ہو کر قومی و ملکی مفاد کو ہر موقع پر ترجیح دی، وزیر مال خیبرپختونخوا

بدھ 8 اپریل 2015 18:22

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔08 اپریل۔2015ء) صوبائی وزیر مال سردار علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے چیرمین عمران خان پاکستان کے عظیم قومی لیڈر ہیں اور تحریک انصاف کے قائد ہیں لہٰذا پارٹی کے کارکن سیاسی بونوں کی طرف سے اپنے ہیرو کی ہتک کبھی برداشت نہیں کرینگے۔ انہوں نے پشاور میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے کارکن پورے ملک میں بے حد غصے میں ہیں اور وہ اپنے قائد کی شان میں دھاندلی کی پیداوار اور نام نہاد رہنماؤں کی جانب سے قومی اسمبلی کے مقدس فلور پر نازیبا ، گستاخانہ اور توہین آمیز الفاظ کے اظہار پر بہت برہم ہیں تا کہ ایسے لوگوں کو جواب اس زبان میں دیا جا سکے جو وہ سمجھتے ہیں لیکن ہم اپنے قائد کی اجازت اور اشارے کے منتظر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ذاتی انا کی کبھی پروا ہ نہیں کی اور ذاتی مفادات سے ہمیشہ بالا تر ہو کر قومی اور ملکی مفاد کو ہر موقع پر ترجیح دی۔

(جاری ہے)

دھرنا بھی قومی مفاد میں دیا تا کہ جمہوری اداروں کو دھاندلی کی پیداوار ضمیر فروشوں کے ناپاک وجود سے پاک رکھا جا سکے اور قومی اداروں کے تقدس اور قوم کی امیدوں کو پامال ہونے سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ضرب عضب کی کامیابی اور پشاو ر آرمی پبلک سکول کے قومی سانحہ کے پیش نظر پہلے بھی پی ٹی آئی کے چئیرمین نے قومی مفاد میں دھرنا ختم کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور اب بھی جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کے معاہدے کے بعد یمن اور سعودی عرب کے اہم مسلے کی بدولت نواز حکومت کی درخواست پر وہ اُن کی منتوں اورترلوں پر پارلیمنٹ کے جائنٹ سیشن میں شرکت کیلئے اور قومی مفاد میں متفقہ پالیسی کی تشکیل کی کوششوں میں اپنا قومی کردار ادا کرنے کے جذبے سے عمران خان اور پی ٹی آئی کے اراکین پارلیمنٹ نے مشترکہ اجلاس میں واپسی اور فعال شرکت کا فیصلہ قومی مفاد میں کیا لیکن نواز لیگ کے سیاسی بونوں اور ایم کیو ایم کے مفاد پرست و ناسمجھ ممبران نے غیر پارلیمانی زبان کے زریعے خود اپنی اوقات ظاہر کر دی ۔

انہوں نے عمران خان کی توہین نہیں کی کیونکہ عمران خان کو اللہ تعالٰی نے پوری دنیا میں اور بالالخصوص وطن عزیز میں 18 کروڑ عوام نے جو عزت بحشی ہے وہ روز روشن کی طرح واضح ہے۔ انہوں نے اس موقع پر مزید کہا کہ پاکستان نے پہلے بھی پرائی جنگوں میں شرکت کرکے بڑا نقصان اٹھایا ہے اب یمن کی جنگ میں بے جا شرکت سے بچانے کیلئے پی ٹی آئی اپنا ٹھوس موقف کھل کر بیان کریگی اور اپنا قومی کردار پارلیمان میں بھرپور قومی جذبے سے ادا کریگی۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات