پاکستان ایک محفوظ اور پرامن ملک ہے ،مستقبل قریب میں ایک دوسرے کے ساتھ تجارت بڑھائیں گے، رومانیہ کے سفیر ال مائن

دونوں ملکوں کے درمیان سرمایہ کاری کیلئے مختلف وفود کے درمیان تبادلہ خیال جاری ہے چکوال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے زیر اہتمام صنعتی نمائش اور فیملی میلہ کی رسم افتتاح کے موقع پرخطاب

بدھ 8 اپریل 2015 18:01

چکوال(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔08 اپریل۔2015ء) پاکستان میں رومانیہ کے سفیر ال مائن نے کہاہے کہ پاکستان ایک محفوظ اور پرامن ملک ہے جہاں پر سرمایہ کاری کے بہترین مواقعے موجود ہیں اور دونوں ملکوں کے درمیان سرمایہ کاری کیلئے مختلف وفود کے درمیان تبادلہ خیال جاری ہے اور دنوں ممالک مستقبل قریب میں ایک دوسرے کے ساتھ تجارت بڑھائیں گی۔ وہ چکوال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے زیر اہتمام صنعتی نمائش اور فیملی میلہ کی رسم افتتاح کے موقع پر خطاب کر رہے تھے۔

تقریب کی صدارت بزرگ مسلم لیگی رہنما لیفٹیننٹ جنرل(ر) عبدالمجید ملک نے کی جبکہ اس موقع پر معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب ملک سلیم اقبال، بزرگ مسلم لیگی رہنما ملک اسلم سیتھی، ایم پی اے سردار ذوالفقار علی خان دلہہ ، سابق صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس ظفر بختاوری، ایم پی اے مہوش سلطانہ، چوہدری حیدر سلطان، صاحبزدہ عبدالقدوس نے بھی خطاب کیا جبکہ خطبہ استقبالیہ چکوال چیمبر آف کامر س کے صدر قاضی محمد اکبر نے پیش کرتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا کہ اس صنعتی نمائش سے ضلع چکوال کا صنعتی اور تجارتی نقشہ واضح ہو کر سامنے آئے گا اور انشاء اللہ وزیر اعظم نوازا شریف کی طرف سے منظوری کیے جانے والے صنعتی زون جو نیلہ انٹر چینج کے قریب بنایا جا رہا ہے اس پر جلد کام شروع ہوگا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈی سی او چکوال محمود جاوید بھٹی، ڈی پی او چکوال ڈاکٹر معین مسعود، حاجی ظفر محمود وہولہ، اسسٹنٹ کمشنر چکوال مصور خان نیازی، ڈسٹرکٹ مانٹیرنگ آفیسر چکوا ل آصف اقبال چوہان، ای ڈی او ایجوکیشن ڈاکٹر غلام مرتضیٰ بھی موجود تھے۔ جبکہ سٹیج سیکرٹری کے فرائض راجہ محمد عمر، ملک حفیظ انجم اور مسز طیبہ صفدر نے سرانجام دیئے۔ اس موقع پر ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

رومانیہ کے سفیر جب کمیونٹی سنٹر کے باہر پہنچے تو ان کا بینڈ باجوں اور پھولوں کے ہار پہنا کراستقبال کیا گیا اس دوران رنگا رنگ غبارے بھی ہوا میں چھوڑے گئے۔ جنرل عبدالمجید ملک نے اپنے صدارتی خطبہ میں بتایا کہ چکوال جس تیز رفتاری کے ساتھ ترقی کے سفر پر گامزن ہے آنے والے دوچار سالوں میں یہ پوری دنیا کا صدر مقام بنے گا۔ معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب ملک سلیم اقبال نے صنعتی نمائش اور میلے کو چکوال کی تاریخ کا ایک نیا باب قرار دیتے ہوئے کہا کہ اب اس کا صنعتی تشخص بھی آج واضح ہو کر سامنے آیا ہے۔ بعد ازاں معزز مہمانوں نے اس موقع پر لگائے جانے والے 61سے زائد سٹالوں کا معائنہ کیا۔

متعلقہ عنوان :