پی این ایس شمشیریمن میں محصور 36پاکستانیوں ،15 غیر ملکیوں کے کامیاب انخلا کے بعد جبوتی پہنچ گیا

بدھ 8 اپریل 2015 18:01

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔08 اپریل۔2015ء)پاک بحریہ کا جہاز پی این ایس شمشیریمن میں محصور 36پاکستانیوں اور 15 غیر ملکیوں کے کامیاب انخلا کے بعد جبوتی پہنچ گیا۔ غیر ملکی باشندوں میں بنگلہ دیش کے 4 , رومانیہ اور یمن کے2,2، قطرکے 3 اور ایتھوپیا،جرمنی،فلپائن اور برطانیہ کا ایک ایک شہری شامل ہے۔تمام محصورین کو امیگریشن کا عمل مکمل کرنے کے بعد الحدیدہ یمن بندر گاہ سے پاک بحریہ کے جہاز پر منتقل کیا گیا۔

پاکستان نیو ی کے جہازپر محصورین کی محفوظ اور آرام دہ واپسی کو یقینی بنانے کے لئے جامع انتظامات کئے گئے تھے ۔ ایتھو پیا میں پاکستان کے سفیر عمران یاور اور تمام ممالک کے سفارت خانوں کے نمائندگان جن کے شہریوں کی پاکستان نیوی کے جہاز شمشیرسے بحفاظت واپسی ممکن ہوئی اور اپنے اپنے شہریوں کو خوش آمدیدکہنے کے لئے بند ر گاہ پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

تمام محصورین کو جبوتی بندر گاہ پر باحفاظت اتارا گیا جہاں متعلقہ سفارت خانوں نے ان باشندو ں کی اپنے اپنے ممالک کو بحفاظت واپسی کے ضروری اقدامات کر رکھے تھے۔قبل از یں پاکستان نیوی کا جہاز پی این ایس اصلت المکلہ یمن میں محصور 146پاکستانی36غیر ملکی باشندوں بشمول مرد، خواتین اور بچوں کو لے کر 7اپریل کو پاکستان پہنچا تھا۔ پاکستان نیوی پاکستان کے میری ٹائم اثاثہ جات کی حفاظت کے ساتھ ساتھ عالمی برادری کے شانہ بشانہ امدادی سر گرمیوں اور ناگہانی آفات کی صورت میں ریلیف آپریشنز میں ہمیشہ پیش پیش رہی ہے۔ یمن کے قرب میں اپنی موجودگی کو برقرار رکھتے ہوئے پاک بحریہ قومی مفادات کے دفاع کو یقنی بنانے میں پر عزم ہے۔