سیکریٹری بلدیات نے دوڑ ٹاؤن کمیٹی کے غیر قانونی کونسل آفیسر کے خلاف تحقیقات کا آغاز کردیا

بدھ 8 اپریل 2015 16:48

دوڑ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔08 اپریل۔2015ء)سیکریٹری بلدیات نے دوڑ ٹاؤن کمیٹی کے غیر قانونی کونسل آفیسر کے خلاف تحقیقات کا آغاز کردیا،کونسل آفیسر کراچی طلب،کونسل آفیسر کی غیر قانونی بھرتی اور آؤٹ آف ٹرن ترقی ہونے کا انکشاف،ذرائع کے مطابق دوڑ ٹاؤن کمیٹی کے کونسل آفیسر غلام شبیر لاشاری جو کہ 2012میں غیرقانونی طور پر انجینئرنگ برانچ میں کلرک بھرتی ہوئے تھے،انہوں نے دو سالوں میں غیر قانونی طریقے سے آؤٹ آف ٹرن ترقی حاصل کرکے گریڈ سولہ حاصل کرلیا،اور اسٹنٹ کونسل آفیسر بن گئے،اور گذشتہ ایک سال سے او پی ایس پر کونسل آفیسر کی سیٹ پر بیٹھے ہوئے ہیں،ذرائع کے مطابق دوڑ ٹاؤن کمیٹی کے اسٹنٹ اکاؤنٹنٹ عزیز احمد بروہی نے آؤٹ آف ٹرن ترقی لیتے ہوئے گریڈ سات سے گریڈ چودہ حاصل کیا،ٹاؤن کمیٹی کے ایک چوکیدار عمر راشد نے گریڈ ایک سے گریڈ سات تک آؤٹ آف ٹرن ترقی حاصل کی،ذرائع کے مطابق غلام شبیر لاشاری نے اپنی تنخواہ میں بھی بڑے پیمانے پر اکاؤنٹنٹ اصغر کیریو کی ملی بھگت سے ہیرا پھیرا کی ہے،متعدد ماہ انہوں نے ڈبل سے بھی زائد تنخواہ وصول کی ہے،جبکہ انہوں نے جعلی کمپنیاں بناکر ٹاؤن کمیٹی سے لاکھوں روپے کے بل وصول کئے ہیں،عمر راشد کے نام پر جعلی کام ظاہر کرکے لاکھوں روپے کے بل بناکر ادائیگی کی گئی ہے،جبکہ اس نے بھی عبدالرحمان اینڈ سنز کے نام پر کمپنی بنا کر ٹاؤن کمیٹی سے لاکھوں روپے کے بل وصول کئے ہیں،ٹاؤن کمیٹی کے ملازمین ظفر اقبال،شاہد اقبال،جیون،خان بہادر اور محمد خالد کے نام پر بھی جعلی کام ظاہر کرکے لاکھوں روپے کے بل بناکر ادائیگی کی گئی ہے،جبکہ غلام شبیر لاشاری کی بلوچ کنٹرکشن کے نام پر بھی لاکھوں روپے کی ادائیگی کی گئی ہے،ذرائع کے مطابق سیکریٹری بلدیات نے کونسل آفیسر غلام شبیر لاشاری اور ٹاؤن کمیٹی دوڑ میں ہونے والی بد عنوانیوں کے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے،اور کونسل آفیسر کو کراچی طلب کرلیا ہے۔