(ن) لیگ کا وطیرہ ہے پہلے منتیں کرتے ہیں بعد میں بے عزتی، عائشہ گلالئی

بدھ 8 اپریل 2015 14:37

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔08 اپریل۔2015ء)تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی عائشہ گلالئی نے کہاہے کہ وزیر دفاع خواجہ آصف کو تحریک انصاف کیخلاف استعمال کی گئی گندی زبان پوری دنیا نے دیکھی ہے ، (ن) لیگ کا وطیرہ ہے کہ پہلے منتیں کرتے ہیں بعد میں بے عزتی کرتے ہیں ، این اے 246پر تحریک انصاف کی الیکشن جیتے گی ، جوڈیشل کمیشن کے قیام کے بعد پارلیمنٹ میں نہ آنے کا جواز نہیں بنتا تھا ۔

بدھ کے روز تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی عائشہ گلالئی نے اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔08 اپریل۔2015ء کو خصوصی انٹرویو میں کہا ہے کہ وزیر دفاع خواجہ آصف نے جس طرح پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس میں تحریک انصاف کیخلاف گندی زبان استعمال کی اسے پوری دنیا نے دیکھا ہے بطور ملک کے وزیر دفاع وہ کچھ اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرلیتے لیکن مسلم لیگ (ن) کا وطیرہ ہے کہ وہ پہلے منتیں کرتے ہیں اور بعد میں بے عزتی کردیتے ہیں ۔

(جاری ہے)

عائشہ گلالئی نے این اے 246کے حوالے سے حیدر عباس رضوی کے بیان کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ این اے 246پر تحریک انصاف کی مکمل تیاری ہے اور تحریک انصاف ہی این اے 246کا الیکشن جیتے گی کیونکہ عوام اب کراچی کی بدامنی سے تنگ آچکی ہے اور وہ کراچی میں امن کے خواہاں ہیں ۔ عائشہ گلالئی نے کہا کہ 2013ء کے الیکشن کی دھاندلی کی تحقیقات کے حوالے سے جوڈیشل کمیشن کا قیام تحریک انصاف کا مطالبہ تھا مطالبہ پورا ہونے پر اب پارلیمنٹ میں نہ آنے کا کوئی جواز نہیں بنتا تھا اس لئے جونہی جوڈیشل کمیشن بنا تحریک انصاف نے پارلیمنٹ ہاؤس میں آنے کا اپنا وعدہ پورا کردیا ۔