کراچی ، دہشت گردوں کا رینجرز پر حملہ ایک اہلکا ر زخمی

بدھ 8 اپریل 2015 14:36

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔08 اپریل۔2015ء) کیماڑی میں رینجرز کا دہشت گردوں سے ڈیڑھ گھنٹے تک مقابلہ، ملزمان کا دستی بموں سے رینجرز پر حملہ، ایک زخمی، جوابی کارروائی میں تحریک طالبان الیاس کشمیری گروپ کے5 دہشت گرد مار دیئے، دستی بم اور جدید اسلحہ برآمد ہوا۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کی صبح رینجرز ہیلپ لائن کو شہری نے اطلاع دی کہ کیماڑی کے علاقے ٹاپو میں سمندر کے کنارے واقع علاقے میں دہشت گرد موجود ہیں، اس کی اطلاع پر رینجرز کی نفری ٹاپو کے علاقے میں پہنچی تو ملزمان نے رینجرز پر مورچہ بند فائرنگ کردی اور رینجرز موبائلوں پر دستی بم کا حملہ کیا، اس حملے میں رینجرز کے 2 اہلکار زخمی ہوئے، ملزمان اور رینجرز کے درمیان ڈیڑھ گھنٹے تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا، جوابی فائرنگ میں 5 دہشت گرد مارے گئے۔

(جاری ہے)

رینجرز ذرائع نے بتایا کہ ملزمان کا تعلق کالعدم تنظیم الیاس کشمیری گروپ سے ہے، ملزمان کراچی بندرگاہ کے قریب واقع کچی آبادی میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کررہے تھے، ملزمان کا گروپ تاجروں کو بھتے کی پرچیاں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملے میں ملوث ہے۔ ملزمان سے 2 کلاشنکوف، 5 دستی بم، ٹی ٹی پستولیں اور ہزاروں گولیاں برآمد ہوئیں۔

ٹاپو میں ہونے والی رینجرز کی کارروائی سے جیکسن پولیس لاعلم رہی۔ پولیس کے مطابق رینجرز نے مقابلے کے بعد دہشت گردوں کی نعشیں حوالے کرنے کیلئے بلایا تھا۔ رینجرز ذرائع کے مطابق کراچی کے ساحلی علاقے میں دہشت گردوں ک یاطلاع باعث تشویش ہے۔ نعشیں ایدھی ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال منتقل کردی گئیں جبکہ زخمی رینجرز اہلکاروں کو رینجرز اسپتال منتقل کردیا گیا۔ بعدازاں ہلاک ہونے والے ملزمان کی شناخت عمر، طلحہ، عبدالرؤف، جاوید اور حسنین کے نام سے ہوئی۔

متعلقہ عنوان :