بیمار، مردہ جانوروں کا گوشت فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن

بدھ 8 اپریل 2015 14:29

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔08 اپریل۔2015ء)وزیراعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی محکمہ لائیوسٹاک محمد ارشد جٹ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر محکمہ لائیوسٹاک اور ضلعی حکومتیں غیرقانونی مذبحہ خانے چلاکر بیمار، لاغر اور مردہ جانوروں ، گدھے کاگوشت فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری کئے ہوئے ہے اوراس گھناؤنے جرم سے منسلک ایسے افراد کو کیفرکردار تک پہنچاکر دم لیں گے۔

انہوں نے کہاکہ محکمہ لائیوسٹاک نے مستقل بنیادوں پر اس جرم کے خاتمہ کیلئے ڈویژنل ڈائریکٹرز، ڈسٹرکٹ لائیوسٹاک افسران اور ضلعی حکومتوں کی مدد سے بھرپور مہم چلانے کی حکمت عملی اختیار کی ہے۔انہوں نے کہا کہ حرام گوشت کی روک تھام کے لیے حکومت اقدامات کررہی ہے اور عوام الناس کو مضر صحت گوشت کھلانے والے اپنے گھناؤنے فعل پرقانون کے شکنجے سے ہر گز نہ بچ سکیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ اور ضلعی حکومتیں عوام الناس کو معیاری گوشت کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے جامع حکمت عملی پر عمل پیرا ہے اور ایسے بے ضمیر افراد جو حرام، مردہ اور غیر معیاری گوشت غیر قانونی مذبہ خانوں سے فراہم کرنے میں ملوث ہیں ان کے خلاف رواں مالی سال سے کریک ڈاؤن کیاجارہاہے اور 2لاکھ 40ہزار 447کلو گرام غیر معیاری گوشت تلف کیا گیاہے۔

اسی سلسلے میں1622مقدمات درج کروا کر2033افراد کے خلاف چالان پیش کرتے ہوئے 1937افراد کو حوالہ پولیس کیا جاچکاہے اور مردہ ضمیر افراد کی95گاڑیاں بند کی گئیں ہیں اور مجموعی طور پر 12لاکھ 93ہزار 450روپے جرمانہ کیا گیاہے۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں شہبازشریف وزیراعلیٰ پنجاب کے حکم پر غیر قانونی مذبحہ خانوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے اور شاہ پور کانجراں میں ایک بین الاقوامی معیار کا مذبحہ اور میٹ پراسینگ پلانٹ چلایا گیاہے جہاں سے معیاری اور صحت مند گوشت کی فراہمی کی جارہی ہے۔

اس کے علاوہ اینیمل سلاٹر کنٹرول ایکٹ میں ترمیم کرکے مسودہ صوبائی پارلیمنٹ میں بھجوادیا گیاہے جس کے تحت اس مکروہ دھندے میں ملوث افراد کے خلاف 500روپے جرمانے کی رقم کو بڑھا کر 10لاکھ روپے اور5سال قید کی سزا تجویز کی گئی ہے۔ لاہور میں عوام الناس کومعیاری گوشت کی تصدیق کے لیے گوشت پر لگے ٹیگ کو محکمہ کی طرف سے قائم کی گئی ہیلپ لائن 9211پر SMSکرنے کی مفت سہولت بھی فراہم کی گئی ہے جسے عنقریب پنجاب کے تمام اضلاع میں وسعت دی جائے گی۔