،، نواب اکبر بگٹی قتل کیس،،

پرویز مشرف کی عدالت حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور آفتاب شیر پاؤ اور شعیب نوشیروانی کی بریت کی درخواستیں مسترد

بدھ 8 اپریل 2015 13:16

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔08 اپریل۔2015ء) کوئٹہ کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں نواب اکبر بگٹی قتل کیس میں نامزد ملزم سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کی حاضری سے استثنی کی درخواست منظور کرلی ، 8 صفحات پر مشتمل میڈیکل پیش کر دی گئی ، آفتاب شیر پاؤ اور شعیب نوشیروانی کی بریت کی درخواستیں عدالت نے مسترد کر دیں۔ انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج آفتاب احمد لون نے نواب اکبر بگٹی قتل کی کیس کی سماعت شروع کی تو ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر فاروق اعظم جان نے پرویز مشرف کی 8 صفحات پر مشتمل رپورٹ عدالت میں کی جس میں کہا گیا ہے کہ مشرف کے دل کے تین والو بند ہیں ، بائیں ٹانگ میں اعصابی کمزوری اور کمر کے مہرے بھی کمزور ہیں جس کی وجہ سے وہ سفر کرنے کے قابل نہیں ہے۔

مشرف کی میڈیکل کی جمیل احمد بگٹی کے وکیل سہیل راجپوت نے مخالفت کی ، سماعت کے دوران پرویز مشرف کے وکیل اخترشاہ نے اپنے موکل کی خرابی صحت کے باعث عدالت سے ایک روز کے استثنی کی درخواست کی جسے منظور کر لیا گیا۔

(جاری ہے)

عدالت نے سابق وفاقی وزیر داخلہ آفتاب احمد شیرپاؤ اور سابق صوبائی وزیر داخلہ شعیب نوشیروانی کی 265k کے تحتمقدمے سے بریت کی درخواست مسترد کر دیں ، عدالت نے بعد میں مقدمے کی سماعت 22 اپریل تک ملتوی کر دی۔ آفتاب شیر پاؤنے درخواست مسترد ہونے پر کہا کہ وہ ہائی کورٹ سے رجوع کریں گے۔