یمن بحران :حکومت نے پارلیمانی رہنماؤں کا ان کیمرہ اجلاس بلانے کا فیصلہ کر لیا

بدھ 8 اپریل 2015 13:15

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔08 اپریل۔2015ء) حکومت نے یمن بحران سے متعلق پارلیمانی رہنماوٴں کا ان کیمرہ اجلاس بلانے پر غور شروع کر دیا۔ حکومتی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ مصالحانہ کوششوں کے ساتھ ساتھ مقدس مقامات کے تحفظ کیلئے ضروری اقدامات کرنے چاہئیں۔ پیپلز پارٹی نے سیز فائز کیلئے کوششیں کرنے پر زور دیا ہے۔ یمن بحران سے پیدا ہونے والی سیکیورٹی صورت حال پر غور کیلئے بلائے جانے والے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں تاحال کوئی نتیجہ سامنے نہیں آسکا۔

(جاری ہے)

اجلاس مزید ایک سے دو روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ سیکیورٹی سے متعلق بعض حساس معاملات پر بریفنگ کیلئے پارلیمانی رہنماؤں کا ان کیمرہ اجلاس بھی بلایا جاسکتا ہے۔ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے دوران سیاسی رہنماؤں میں اس بات پر عمومی اتفاق پایا جاتا ہے کہ سعودی عرب فوج بھیجنے سے گریز کیا جائے اور پاکستان اسلامی ممالک کے درمیان مفاہمت کیلئے کردار ادا کرے۔ پارلیمانی ذرائع کے مطابق سیاسی رہنماؤں کے درمیان اتفاق رائے کے بعد پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں یمن بحران سے متعلق متفقہ خارجہ پالیسی سے متعلق قرار داد لائی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :