پاکستان سے فرنیچر کی برآمد کا موجودہ74لاکھ ڈالر سالانہ کا حجم ہماری صلاحیتوں کے مطابق نہیں، سی ای او ایس ایم منیر

بدھ 8 اپریل 2015 13:02

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔08 اپریل۔2015ء) ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی پاکستان(ٹڈاپ) کے سی ای او ایس ایم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان سے فرنیچر کی برآمد کا موجودہ74لاکھ ڈالر سالانہ کا حجم ہماری صلاحیتوں کے مطابق نہیں اور سنجیدہ اقدامات سے محض دو سال کے عرصے میں ملک سے فرنیچر کی برآمد کا حجم دوگنا کیا جاسکتا ہے۔وہ گزشتہ روز آل پاکستان فرنیچر ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے ایک وفد سے ملاقات میں اظہار خیال کررہے تھے جس کی قیادت ایسوسی ایشن کے چیئرمین ہمایوں لیئق نے کی۔

(جاری ہے)

ملاقات کے دوران فرنیچر کے برآمدکنندگان نے سی ای او ٹڈاپ کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا جس میں کسٹم اور پورٹس پر کلیئرنس سے متعلق مسائل اور فرنیچر کی تیاری میں استعمال ہونے والے خام مال کی قلت سرفہرست تھے۔ایسوسی ایشن نے سی ای او ٹڈاپ سے عالمی مارکیٹ میں مسابقت کیلئے فرنیچر کی مقامی صلاحیتوں میں اضافے کیلئے ٹریننگ اور ڈیولپمنٹ پروگرامز کے حوالے سے بھی کردار ادا کرنے کی درخواست کی۔اس موقع پر سی ای او ٹڈاپ نے وفد کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ برآمدات میں اضافے کے حوالے سے ٹڈاپ اپنے کردار میں کسی قسم کی کوتاہی نہیں کرے گا اور ملک سے فرنیچر کی برآمدات میں اضافے کیلئے اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائینگے۔

متعلقہ عنوان :