مچھ اور بہاولپور جیل میں قتل کے دو مجروں کو تختہ دارپر لٹکادیا گیا

بدھ 8 اپریل 2015 11:14

کوئٹہ /مچھ/بہاولپور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔08 اپریل۔2015ء ) مچھ اور بہاولپور جیل میں قتل کے دو مجروں کو تختہ دارپر لٹکادیا گیا، بلوچستان میں سات سال بعد کسی مجرم کو تختہ دار پر لٹکایا گیا،لاشیں ورثا کے حوالے کردی گئیں ،پھانسی کے وقت جیلوں کے اطراف سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے ۔بدھ کو میڈیا رپورٹس کے مطابق بلوچستان کی مچھ جیل میں قتل کے مجرم کو تختہ دار پر لٹکایا گیا، مجرم امیرحمزہ نے 1995ء میں معمولی تنازع پرایک شخص کوقتل کیاتھا۔

سبّی کی عدالت نے امیر حمزہ کو 2004ء میں موت کی سزا سنائی تھی اور صدرمملکت نے 23 مارچ کو مجرم کی رحم کی اپیل مسترد کردی تھی۔بلوچستان میں سات سال بعد کسی بھی مجرم کو دی جانے والی یہ پہلی پھانسی تھی ۔ پنجاب کے ضلع بہاولپور میں بھی قتل کے ایک مجرم کی سزائے موت پر عملدرآمد کیا گیا ۔

(جاری ہے)

سندھ کے علاقے بے نظیر آباد سے تعلق رکھنے والے مجرم سکندر علی نے 2002 میں اپنے ایک ساتھی کو راولپنڈی میں قتل کیا تھا۔

مجرم سکندرعلی کو فوجی عدالت نے کورٹ مارشل کے ذریعے سزائے موت کا حکم سنایا تھا۔پھانسی پر سے پابندی ہٹائے جانے کے بعد سے اب تک ملک میں 68 مجرمان کو پھانسی کے تختے پر لٹکایا جاچکا ہے۔ خیال رہے کہ حکومت نے گزشتہ سال پشاور میں آرمی پبلک سکول پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد ملک میں پھانسی کی سزاوٴں پر لگی پابندی کو ہٹا دیا تھا۔

متعلقہ عنوان :