اقلیتوں کی عبادت گاہوں کے تحفظ کے لئے خصوصی تربیت سے مربوط اسپیشل پولیس فورس کے قیام کے سلسلے میں دو ماہ کے اندر حتمی کارروائی یقینی بنائی جائے،چیف سیکریٹری سندھ محمد صدیق میمن نے اعلیٰ عدالتی احکامات کی رو سے آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی کو ہدایات جاری کردیں

منگل 7 اپریل 2015 22:28

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔07 اپریل۔2015ء) چیف سیکریٹری سندھ محمد صدیق میمن نے اعلیٰ عدالتی احکامات کی رو سے اقلیتوں کے مسائل کے حل کے سلسلے میں اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس میں آئی جی سندھ پولیس کو ہدایت کی ہے کہ اقلیتوں کی عبادت گاہوں کے تحفظ کے لئے خصوصی تربیت سے مربوط اسپیشل پولیس فورس کے قیام کے سلسلے میں دو ماہ کے اندر حتمی کارروائی یقینی بنائی جائے۔

منگل کو سندھ سیکریٹریٹ میں اجلاس کے دوران محمد صدیق میمن نے اقلیتوں کے لئے ملازمتوں میں 5% کوٹہ کی تخصیص کے بارے میں سیکریٹری اقلیتی امور سے تمام محکموں سے روابط کی روشنی میں رپورٹ بھی طلب کی ۔ اجلاس میں سیکریٹری امپلی مینٹیشن اینڈ کوآرڈینیشن سید طارق محمود جعفری نے ایجنڈے کے نکات پر روشنی ڈالی ‘ آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی نے اقلیتوں کی عبادت گاہوں کے تحفظ کے سلسلے میں اقدامات سے آگاہ کیا ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں رکن قومی اسمبلی رمیش کمار‘ بشپ صادق ڈینیئل ‘سیکریٹری اطلاعات سندھ ذوالفقار شالوانی ‘ تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈی آئی جیز نے شرکت کی ۔ اجلاس میں اقلیتوں سے مربوط اسکول کالج نصابی تبدیلی ‘ مجوزہ نیشنل کونسل فار مائنارٹیز اور آئین کے تحت فراہم کردہ اقلیتوں کے حقوق کی خلاف ورزی کے نکات پر بھی تبادلہ خیال ہوا ۔ چیف سیکریٹری نے اجلاس کے شرکاء کا شکریہ ادا کیا ۔ اقلیتی مندوبین نے اجلاس کے انعقاد اور اب تک کی پیش رفت پر اطمینان ظاہر کیا ۔

متعلقہ عنوان :