پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے وزیراعظم نوازشریف کاخطاب قوم کی امنگوں کی ترجمانی ہے، ڈاکٹرشام سندرایڈوانی

وزیراعظم نے قومی اوربین الاقوامی مسائل پرمنتخب سیاسی قیادت کا اعتماد حاصل کرکے ایک نئے سیاسی کلچر کی بنیاد رکھی ہے جس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی

منگل 7 اپریل 2015 22:15

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔07 اپریل۔2015ء) پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے وزیراعظم نوازشریف کاخطاب قوم کی امنگوں کی ترجمانی ہے۔وزیراعظم نے قومی اوربین الاقوامی مسائل پرمنتخب سیاسی قیادت کا اعتماد حاصل کرکے ایک نئے سیاسی کلچر کی بنیاد رکھی ہے جس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ سندھ اقلیتی ونگ کے صدر ڈاکٹرشام سندرایڈوانی نے اپنے ایک بیان میں کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپنے حالیہ دورمیں ملک کی تمام منتخب قوتوں کو ساتھ ملاکرچلنے کی پالیسی اختیارکرکے مسلم لیگ نون کی موجودہ حکومت نے قومی ترجیحات اورملی مفادات کو اولیت دی ہے جس کے قومی مستقبل پرمثبت اثرات مرتب ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ مشرق وسطیٰ کا بحران ایک نازک مسئلہ ہے اور اس پر قومی اتفاق رائے کے لئے حکومتی کاوشیں قابل ستائش ہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نوازشریف نے بجاطورپر کہا ہے کہ وہ خطے میں سراٹھانے والے اس خطرناک بحران کا پرامن حل تلاش کریں گے لیکن اگرباغیوں نے دوست ملک سعودی عرب کی طرف پیش قدمی کی تواس یلغارکو کچلنے کے لئے پاکستان کا بچہ بچہ سعودی عرب کے شانہ بہ شانہ کھڑا ہوگا۔ ڈاکٹرشام سندرایڈوانی نے مزید کہا کہ سعودی عرب پاکستان کا سچادوست ہے اور دوست ملک کی درخواست پر پاک فوج کو سعودی عرب بھیجنا پڑاتویہ قطعی طور پر کسی بھی ملک کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں سمجھا جاسکتا بلکہ بروقت اقدام دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تعلقات میں مزید بہتری کا باعث بنیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہندوبرادری سمیت پاکستان کی تمام اقلیتیں مشرق وسطیٰ کے بحران پر وزیراعظم میاں نوازشریف کے حکم پر ہرقسم کی قربانی کے لئے تیارہوں گی۔