دین اسلام کے تحفظ کیلئے باطل کے سامنے ڈٹ جانا ہی عین اسلام ہے ،سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری

منگل 7 اپریل 2015 22:12

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔07 اپریل۔2015ء) سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہاہے کہ سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے دین کی بقاء اور اسلامی اقدار کے تحفظ کوعشق رسول سے سرشار ہوکر یقینی بنایا،سیدناصدیق اکبرنے دین اسلام کے خلاف اٹھنے والے ہر فتنے کے خلاف علم جہاد بلند کیا ،آپ نے دنیا کو پیغام دے دیا کہ شریعت محمدی کے خلاف کسی بھی فتنے کو برداشت نہیں کیا جاسکتا،دین اسلام کے تحفظ کیلئے باطل کے سامنے ڈٹ جانا ہی عین اسلام ہے ،قائدین اہلسنت کی قربانیوں کو رائیگاں جانے نہیں دینگے ،اہلسنت کا استحصال کرنے والے سن لیں جب حق نہیں ملتا تو چھین کر لیا جاتا ہے ،اہلسنت کے حقوق پر کسی کو ڈاکہ ڈالنے نہیں دینگے ،قید وبند کی صعوبتیں جھوٹے مقدمات ہمیں حق کی راہ سے نہیں ہٹا سکتے ،ملکی سلامتی عوامی مسائل کے حل کیلئے آواز بلندکرتے رہینگے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینٹرل جیل سے رہاہونیوالے محمدی کالونی کے سیکٹر انچارج شریف قادری ودیگر عہدیداران سے ملاقات کرتے ہوئے کیا ،ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ امت مسلمہ کے اتحاد کو پارہ پارہ کرنے کی سازش کرنیوالوں کا اسلام سے دور کا بھی تعلق نہیں ہے ،دہشتگردی انتہا پسندی ملک کیلئے زہر قاتل ہے ،اس زہر کو پھیلنے سے روکنے کا واحد علاج اتحاد ویکجہتی اور ہر سازش کو شعور سے ناکام بنانے میں ہے ،انہوں نے کہا کہ آئین وقانون کی بالادستی میں ہی امن کاراز پوشیدہ ہے ،بھتہ خور،ٹارگٹ کلرز کا صفایا ضروری ہے ،جرائم پیشہ عناصر کسی بھی صف میں ہوں انکے خلاف قانون کو ہر حال میں حرکت میں لایا جائے ،کراچی کا امن ملکی معیشت وترقی سے جوڑا ہے ،ملک کو معاشی استحکام اور امن کا گہوارہ بنانے کیلئے کراچی میں امن وامان کے قیام کو یقینی بنانا ہوگا۔

متعلقہ عنوان :