عوام 23اپریل کو ترازو پر مہر لگا کر حقیقی تبدیلی کا آغاز کریں،راشد نسیم

جماعت اسلامی کراچی کی عوام کو ان کا کھویا ہوا مقام واپس دلائے گی ۔گلبرگ اور شریف آباد میں کنونشن سے خطاب

منگل 7 اپریل 2015 22:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔07 اپریل۔2015ء) حلقہ این اے 246کے ضمنی انتخابات میں جماعت اسلامی کے نامزد امیدوار،نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم کی انتخابی مہم تیزی سے جاری ہے اور حلقہ کے عوام کی جانب سے ان کی بھر پور پذیرائی کی جارہی ہے ۔راشد نسیم نے فیڈرل بی ایریا ،گلبر گ اور شریف آباد میں عوامی کنونشنوں سے خطاب کیا اور علاقے میں عوام سے ملاقاتیں کیں ۔

راشد نسیم نے جماعت اسلامی کے دیگر رہنماؤں اور کارکنوں کے ہمراہ فیڈرل بی ایریااور شریف آباد کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور مکینوں کو جماعت اسلامی کی دعوت اور عوامی خدمات سے آگاہ کیا اور کہا کہ عوام 23اپریل کو انتخابی نشان ترازو پر مہر لگائیں اور شہر میں حقیقی تبدیلی کے عمل کا آغاز کریں ۔

(جاری ہے)

دریں اثناء جماعت اسلامی کی جانب سے اتوار 12اپریل کو شاہراہ پاکستان عائشہ منزل پر منعقد کئے جانیوالے عظیم الشان جلسہ عام کے سلسلے میں انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو درخواست دیدی گئی ہے اور جلسہ عام کی تیاریوں کاآغاز بھی کردیا گیا ہے ۔

جلسہ عام سے امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق خصوصی خطاب کریں گے ۔جماعت اسلامی کے نامزد امیدوار راشد نسیم نے عوامی کنونشنوں سے خطاب کرتے ہو ئے اس عزم کا اظہار کیا کہ جماعت اسلامی حلقے کے عوام اور کراچی کے شہریوں کو ان کا کھویا ہوا مقام واپس دلائے گی اور شہر کو حقیقی معنوں میں امن ومحبت اور روشنیوں کاشہر بنائے گی ۔انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے حلقہ این اے246میں عوام کو آج تک حقیقی نمائندہ نہیں مل سکا ۔

ایک بار پھر حلقے کے عوام کو ان کے حقیقی نمائندے سے محروم رکھنے کی کوششیں کی جارہی ہیں ۔راشد نسیم نے کہا کہ جماعت اسلامی اور عوام کا رشتہ مضبوط رشتہ ہے ۔اس حلقے سے پروفیسر غفور احمد اور مظفر احمد ہاشمی جیسے لوگ کامیاب ہوتے رہے ہیں جنہوں نے کراچی کے عوام کی حقیقی نمائندگی کا حق ادا کیا اور شہر کے وقار اور عزت کو قائم رکھا ۔جماعت اسلامی نے یوسی کی سطح پر بھی عوام کی خدمت کی ہے ۔

خدمت اور دیانت جماعت اسلامی کاشعار ہے ۔ہم عوا م کے اندر اور ان کے درمیان رہے ہیں اور عوام کے مسائل ایسی قیادت ہی حل کرسکتی ہے جو ان کے درمیان رہتی ہو ۔راشد نسیم نے کہا کہ تبدیلی کی خواہش ہر فرد کی خواہش ہے اور صرف کراچی ہی نہیں بلکہ ملک بھر کے عوام تبدیلی چاہتے ہیں ،لیکن حقیقی تبدیلی اور عوام کی تقدیر بدلنے کے لئے عوام کو خود اٹھنا پڑے گا ۔این اے 246کے عوام بھی حالات کو سمجھ رہے ہیں اور تبدیلی چاہتے ہیں ۔23اپریل کو عوام اپنے ووٹ کے ذریعے تبدیلی کے عمل کا آغاز کریں گے اور جن لوگوں نے کراچی کے عوام کو بدنامی دی ہے شہر کے اصل چہرے کو مسخ کیا ہے ان کو مسترد کردیں گے اور ووٹ کی طاقت سے دہشت گردی ،بھتہ خوری اور قتل وغارت گری پھیلانے والوں کے خلاف فیصلہ دیں گے ۔

متعلقہ عنوان :