ملیر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا ملازمین کی حاضری کو یقینی بنانے کیلئے بائیو میٹرک سسٹم متعارف کرانے کا اعلان

منگل 7 اپریل 2015 21:46

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔07 اپریل۔2015ء) وزیر بلدیات و اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن کی خصوصی ہدایات پر ملیر ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایم ڈی اے) نے ملازمین کی حاضری کو یقینی بنانے کے لئے بائیو میٹرک سسٹم متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔ اس بات کا اعلان ایم ڈی اے کے ڈائریکٹر جنرل محمد سہیل نے افسران کے اجلاس کے دوران کیا۔ محمد سہیل نے کہا کہ صوبائی وزیر کی جانب سے ادارے میں ملازمین کی حاضری کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ ایم ڈی اے کی تمام اسکیموں پر قائم تجاوزات کے خاتمے کی خصوصی ہدایات دی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایم ڈی اے میں ملازمین کی بروقت حاضری کو یقینی بنانے کے لئے جلد ہی ادارے میں ہائیو میٹرک حاضری سسٹم متعارف کرایا جائے گا اور ایسے تمام ملازمین کی حاضری کو یقینی بنایا جائے گا، جو اس ادارے سے تنخواہیں حاصل کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

محمد سہیل نے افسران پر زور دیا کہ وہ ایم ڈی اے کی تمام اسکیموں پر قائم تجاوزات کے خاتمے کی فوری مہم کا آغاز کریں اور کسی بھی دباؤ میں آئے بغیر ایک ہفتہ کے اندر اندرتمام تجاوزات کا خاتمہ کرکے اس کی رپورٹ پیش کریں۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ایم ڈی اے کی تمام اسکیموں پر تجاوزات کے خاتمے کے بعد اس کی مکمل مانٹرنگ کی جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ آئندہ ان زمینوں پر کسی بھی قسم کی تجاوزات قائم نہ ہونے پائیں۔ انہوں نے اس بات کو واضح کیا کہ صوبائی وزیر کی ہدایات پر تمام افسران مکمل پابندی کریں اور اس سلسلے میں کسی قسم کی کوئی کوتاہی کو قبول نہیں کیا جائے گا۔ قبل ازیں ڈی جی ایم ڈی اے نے تمام ملازمین کی مکمل فہرست طلب کی اور حاضر اور غیر حاضر ملازمین کے حوالے سے افسران سے مکمل آگاہی حاصل کی۔