خیبر پختونخوا حکومت کی روزگار کے مواقعوں میں اضافے سمیت مجموعی ترقیاتی حکمت عملی کی از سر نوتشکیل،اویس حماد آغا

منگل 7 اپریل 2015 21:36

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔07 اپریل۔2015ء)حکومت خیبر پختونخوا روزگار کے مواقعوں کی تخلیق سمیت مجموعی ترقی پرخصوصی توجہ مرکوزکرتے ہوئے صوبائی اقتصادیات حکمت عملی کی از سر نومضبوطی پر کام کر رہی ہے۔یہ بات ایڈیشنل چیف سیکرٹری خیبر پختونخوااویس حماد آغا نے پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام اقتصادی ترقی کی حکمت عملی سے متعلق شرکاء کی مشاورتی ورکشاپ سے منگل کے ر وز یہاں خطاب کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ورکشاپ کا مقصد حکومت خیبر پختونخواکی جانب سے تشکیل دی جانے والی اقتصادی ترقی کی حکمت عملی کے ڈرافٹ پر نجی شعبے کے ساتھ مشاورت کرنا ضروری ہے تاکہ صوبے کی اقتصادی ترقی کو بحال کیاجاسکے۔انہوں نے کہا کہ غریب دوست اور اجتماعی ترقی کی پالیسی کے ذریعے خیبر پختونخوامیں مختلف اقسام کے ترقیاتی چیلنجز سے نمٹاجاسکتا ہے جس کے لئے زیادہ سے زیادہ روزگار کے مواقع پیدا کر کے نجی شعبہ قائدانہ کردار اداکرسکتا ہے جبکہ ساز گار ماحول کی فراہمی کے لئے حکومت بھی ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈرافٹ حکمت عملی کے بنیادی پہلوؤں کی وضاحت کرتے ہوئے سیکرٹری محکمہ منصوبہ سازی و ترقی ظفر علی شاہ نے بتایاکہ یہ حکومت کی جانب سے مشاورت کادوسرا دور ہے انہوں نے شرکاء کو ترقیاتی حکمت عملی کی بنیادی خصوصیات کے بارے میں بھی بریف کیا۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت شرکاء کے مشوروں اور آراء کی روشنی میں اس دستاویز کو حتمی شکل دینا چاہتی ہے تاکہ پائیدار اقتصادی ترقی کے لئے اس پر عمل درآمدممکن بنایا جاسکے۔

اس موقع پر عالمی ترقیاتی مرکزکے کنٹری ڈائریکٹر اعجاز نبی نے ”خیبر پختونخوا میں ترقی و خوشحالی کی از سر نو بحالی کی حکمت عملی“ کی تیزی سے تشکیل کے لئے رہنمائی بھی کی اور ترقی کے لئے صوبائی حکومت کی کوششو ں کو بھی سراہا اور ترقیاتی حکمت عملی پر عمل درآمد اور اس کی ملکیت کو اپنانے پر زور دیا جو خیبر پختونخواکی اقتصادیات کو فعال بنا سکتی ہے۔ورکشاپ میں غیر سرکاری تنظیموں،تاجر برادری،تعلیمی اداروں کے نمائندوں اور حکومتی افسران نے بھی شرکت کی۔DFIDکی مالی امداد سے حکومت خیبر پختونخوا کے سب نیشنل گورننس(SNG) پروگرام،ترقیاتی حکمت عملی کی دستاویز کو حتمی شکل دینے کے لئے پلاننگ اینڈڈیویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کو فنی معاونت فراہم کر رہا ہے۔