بجلی کے بلوں میں35روپے ماہانہ ٹیکس وصول کرنے کے خلاف قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع

منگل 7 اپریل 2015 20:41

بجلی کے بلوں میں35روپے ماہانہ ٹیکس وصول کرنے کے خلاف قرارداد پنجاب اسمبلی ..

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔07 اپریل۔2015ء) امیر جماعت اسلامی صوبہ پنجاب و پارلیمانی لیڈر صوبائی اسمبلی ڈاکٹر سید وسیم اخترنے بجلی کے بلوں میں35روپے ماہانہ ٹیکس وصول کرنے کے خلاف قرارداد پنجاب اسمبلی کے سیکرٹریٹ میں جمع کروادی ۔جمع کروائی گئی قرارداد میں کہاگیا ہے کہ ”واپڈاہر مہینے بجلی کے بل پر35روپے ٹی وی ٹیکس کے نام پر وصول کرتا ہے اور ٹی وی ٹیکس سمیت یہ بل جہاں گھروں اور دوکانوں کے ہوتے ہیں وہیں پر مساجد ومدارس کے بھی ہوتے ہیں۔

نتیجتاً مساجدومدارس ہرماہ ٹی وی فیس اداکرتے ہیں۔

(جاری ہے)

یہ ایوان وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ ٹی وی فیس سے نہ صرف مساجدومدارس کومستثنیٰ قرار دے بلکہ جب گھروں پر ٹی وی نہیں ان کو بھی مستثنیٰ کرے“۔دریں اثناء میڈیا کوجاری کردہ بیان میں ڈاکٹر سید وسیم اختر نے مزیدکہاکہ حکومت آئے روز بجلی کے بلوں میں نئے نئے ٹیکس وصول کررہی ہے لیکن لوڈشیڈنگ میں کمی کی بجائے دن بدن اضافہ ہورہاہے۔شہروں میں16اوردیہاتوں میں18گھنٹے تک کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔ملک میں انرجی بحران کی وجہ سے بحران جنم لے رہے ہیں۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ موسم گرمامیں شدت آنے سے پہلے لوڈشیڈنگ میں کمی کے لئے سنجیدہ اقدامات کئے جائیں تاکہ عوام کو ریلیف میسرآسکے۔