انرجی بحران سے نجات کیلئے ٹھوس لائحہ عمل کی تیاری وقت کی ضرورت ہے، خواجہ آصف

پاکستان کو جوہری توانائی سے روکنا افسوسناک امر ہے، توانائی بحران کی بنیادی وجہ عالمی دباوٴ بھی ہے، ڈاکٹر ماریہ سلطان

منگل 7 اپریل 2015 20:38

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔07 اپریل۔2015ء) وفاقی وزیر برائے پانی و بجلی خواجہ محمد آصف نے ملک میں جاری توانائی کے بحران پر قابو پانے کیلئے ٹھوس لائحہ عمل کی تیاری و عملدرآمد کی ضرورت پرزور دیتے ہوئے اپنا بھرپور کرداراداکرنے کی یقین دہانی کرائی ہے، ساسی یونیورسٹی کے زیراہتمام قومی انرجی کانفرنس کے موضوع پر بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے انہوں نے پاکستان کی جیواسٹریٹیجک پوزیشن کے حوالے سے کہا کہ پاکستان کا عالمی منظرنامے پر نمایاں کردار نہ صرف انرجی ایکسپورٹر بلکہ جنوبی ایشیائی ممالک کے مابین تجارتی راہداری کیلئے بھی معاون ثابت ہوسکتا ہے۔

اس موقع پر معروف دفاعی تجزیہ نگار اور ساسی یونیورسٹی کی سربراہ ڈاکٹر ماریہ سلطان نے کہا کہ دورِ جدید میں صنعتی ترقی کا راز توانائی کے ذرائع کے تسلسل سے فراہمی میں پنہاں ہے، انہوں نے پاکستان میں جاری توانائی بحران کی وجوہات میں عالمی سیاست کوبنیادی گردانتے ہوئے کہا کہ ایران پاکستان گیس پائب لائن منصوبے کی ناکامی کی بڑی وجہ عالمی و سفارتی دباوٴ ہے، ڈاکٹر ماریہ نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ بین الاقوامی سطع پر جوہری عدم پھیلاوٴ کے تسلیم شدہ اصولوں سے روگردانی کرتے ہوئے عالمی طاقتوں کی جانب سے بھارت کے ساتھ سول جوہری سمجھوتہ کیاگیا ہے جبکہ اسکے برخلاف پاکستان کو جوہری توانائی سے مستفید ہونے سے روکا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

کانفرنس سے پاکستان نیوکلیرریگولیٹری اتھارٹی کے چیئرمین محمد انور حبیب، نیوکلیر پاور کمانڈ اتھارٹی کے مشیر ڈاکٹر عنصر پرویز سمیت دیگر ماہرین نے بھی مختلف موضوعات پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

متعلقہ عنوان :